مسلم لیگ (ن) کے پاس پارلیمنٹ میں نااہل لوگ ہیں اس لیے وزیراعظم کیلئے باہر سے بندہ لانا پڑ رہا ہے ٗ خورشید شاہ

 
0
398

اسلام آباد جولائی 29(ٹی این ایس )قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہاہے کہ مسلم لیگ (ن) کے پاس پارلیمنٹ میں نااہل لوگ ہیں اس لیے وزیراعظم کیلئے باہر سے بندہ لانا پڑ رہا ہے جبکہ پیپلز پارٹی کے ساتھ بھی ایسا ہی ہوا لیکن اسمبلی ممبر کو ہی وزیراعظم بنایا۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ جیسا نواز شریف کے ساتھ ہوا ہمارے ساتھ بھی ایسا ہی ہوا تھا لیکن پیپلز پارٹی نے اسمبلی کے ممبر کو ہی وزیراعظم بنایا، پیپلز پارٹی نے باہر سے کسی کو منتخب کر کے وزیراعظم نہیں بنایا لیکن نوازشریف قومی اسمبلی میں اکثریت ہونے کے باوجود کسی ممبر کو وزیراعظم بنانے پر تیار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی میں بیٹھا ممبر کیا اس قابل نہیں کہ اسے وزیراعظم بنایا جائے، آج ثابت ہو گیا کہ (ن) لیگ کے پاس پارلیمنٹ میں نااہل لوگ ہیں جس کی وجہ سے انہیں باہر سے بندہ لانا پڑ رہا ہے۔خورشید شاہ نے کہا کہ بے نظیر بھٹو اقتدار کے لیے نہیں بلکہ جمہوریت کو مضبوط کرنے وطن واپس آئی تھیں اور انہوں نے جمہوریت کی خاطر اپنی جان کی قربانی دی، یہی وجہ ہے کہ وہ آج بھی تاریخ میں زندہ ہیں، کل بھی جمہوریت کا ساتھ دیا اور آج بھی جمہوریت اور پارلیمنٹ بچانے کے لیے سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2014 کے دھرنے کے بعد سے پارلیمنٹ کے اندراور باہر نوازشریف کو کہتا رہا کہ ایوان کومضبوط کریں اور اسے اپنی طاقت بنائیں، جمہوریت اس ملک میں آسانی سے نہیں آئی بڑی قربانیاں دی گئیں۔رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ ایک تاریخ رقم ہوئی اور سپریم کورٹ نے بڑا فیصلہ دیا، ہم نے فیصلے کو خوش آئند قراردیتے ہوئے تسلیم کرنے کا مطالبہ کیا ہے کیوں کہ جب ادارے اپنے فیصلے خود کریں گے تو ادارے مضبوط ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی ناکامیاں اور کرپشن کے بڑے اسکینڈلز کا علم میڈیا سے ہوتا ہے۔خورشید شاہ نے تمام سیاسی قوتوں پر زور دیا کہ وہ سپریم کورٹ کے فیصلے کو تسلیم اور ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے کام کریں۔انہوں نے کہا کہ میں نے پہلے دن سے نواز شریف کو بتایا تھا کہ پارلیمنٹ ہی انکی طاقت کا زریعہ ہے،اس لئے انکو اس سے عزت و احترام کیساتھ پیش آنا چاہیئے۔خورشید شاہ نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ مسلم لیگ ن نے پارلیمنٹ اور عوام سے دوری کو ترجیح دی جس سے انکو نقصان ہوا۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ جمہوریت کی حمایت کی ہے اور آئندہ بھی کرتی رہے گی۔