اسلام آباد (ٹی این ایس) ڈی پی او خانیوال اسماعیل کھاڑک نے تھانہ تلمبہ کے ایس ایچ او ارسلان امجد کو مثالی کارکردگی، پیشہ ورانہ صلاحیت اور عوامی خدمت کے شاندار جذبے کے اعتراف میں تعریفی اسناد سے نواز دیا۔
اس موقع پر ڈی پی او خانیوال اسماعیل کھاڑک کا کہنا تھا کہ ایس ایچ او ارسلان امجد نے فرض شناسی، قانون کی بالادستی اور شہریوں کے تحفظ کو مقدم رکھتے ہوئے اپنے فرائض سرانجام دیے، جس کے باعث تھانہ تلمبہ کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی اور ضلع خانیوال میں ایک مثبت مثال قائم ہوئی۔
ڈی پی او کے مطابق ارسلان امجد جیسے باصلاحیت، دیانت دار اور متحرک افسران نہ صرف محکمہ پولیس کا قیمتی اثاثہ ہیں بلکہ ادارے کی نیک نامی اور عوام کے اعتماد کا باعث بھی بنتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ارسلان امجد آئندہ بھی اسی جذبے اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ عوامی خدمت کا سفر جاری رکھیں گے۔













