ہمارا کام شفاف الیکشن کرانا ہے، کچھ اور نہیں جانتے؛ ترجمان الیکشن کمیشن

 
0
362

اسلام آباد 14 جولائی 2022 (ٹی این ایس): ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ ہم کسی مسٹر ایکس، وائی اور زیڈ کو نہیں جانتے، ہمارا کام شفاف اور غیر جانبدارانہ الیکشن کرانا ہے۔

ترجمان الیکشن کمیشن نے اپنے ایک جاری کردہ بیان میں کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کو حمزہ شہباز اور مریم نواز سے چھپ کر ملنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے کیونکہ سیاستدان خود چیف الیکشن کمشنر سے ملنے آتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ الزام لگانا بہت آسان ہے لیکن ثبوت ہے تو سامنے لائیں۔ الیکشن کمیشن دباؤ میں آئے بغیر اپنا آئینی کردار ادا کرتا رہے گا۔ پنجاب کے ضمنی انتخابات میں شفاف الیکشن کو یقینی بنائیں گے۔

ترجمان نے کہا کہ ہم کسی مسٹر ایکس، وائی یا زیڈ کو نہیں جانتے اور ہمارا کام شفاف، غیر جانبدارانہ الیکشن کرانا ہے۔ الیکشن کمیشن اپنا آئینی کردار بلا کسی خوف و خطر ادا کرتا رہے گا۔ الیکشن کمیشن نے ضمنی الیکشن کے لیے ڈی آر اوز اور آر اوز کو چوکس رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پر امن پولنگ کے لیے سیکیورٹی اداروں کو اپنا مؤثر کردار ادا کرنے کو کہا گیا ہے۔