وفاقی کابینہ نے پی ٹی وی کی فیس میں اضافے کا معاملہ مئوخر کردیا، کابینہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عوام کو اعتماد میں لیے جانے تک فیصلے پر عملدرآمد روکا جائے گا

 
0
230

پی ٹی وی کی فیس میں اضافے پر اپوزیشن جماعتوں کو بھی اعتماد میں لیا جائے گا۔

اسلام آباد 21 جولائی 2020 (ٹی این ایس): میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، اجلاس میں 13 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں عید الاضحیٰ پر کورونا وائرس کے پھیلاؤ روکنے کیلئے ایس اوپیز کا بھی جائزہ لیا گیا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان میں اسمارٹ لاک ڈاؤن سے کورونا وائرس کے روک تھام میں مدد ملی ہے۔ سمارٹ لاک ڈاؤن سے کیسز میں کمی آئی ہے۔ عید الاضحی پر ہر حال میں ایس اوپیز پر عملدرآمد یقینی بنانا ہوگا۔

اجلاس میں پی ٹی وی کی فیس 35 سے بڑھا کر 100روپے کرنے پر بھی بحث ہوئی۔ جس کے بعد وفاقی کابینہ نے پی ٹی وی کی فیس میں اضافے کامعاملہ مئوخرکردیا ہے۔ عوام کو اعتماد میں لیے جانے تک فیصلے پر عملدرآمد روکا گیا ہے۔

وفاقی وزراء فواد چودھری، فیصل واوڈا اور مراد سعید نے پی ٹی وی فیس میں اضافے کی مخالفت کی، جس پر فی الحال فیصلہ مئوخر کردیا گیا ہے۔

اسی طرح کابینہ اجلاس میں وفاقی کابینہ نے انسداد منشیات ایکٹ1997 میں ترمیم کی بھی منظوری دے دی ہے۔

ایف اےٹی ایف سے متعلق کمپنیز ایکٹ اورلائبلٹیز پارٹنرشپ ایکٹ میں مجوزہ ترامیم کی بھی منظوری۔ وفاقی کابینہ نے تفتیشی اختیارات کیلئے ضابطہ فوجداری 1898ء میں ترمیم اور نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ ری آرگنائزیشن ایکٹ2020 کی منظوری دے دی ہے۔اسی طرح کابینہ اجلاس میں وفاقی کابینہ نے انسداد منشیات ایکٹ1997 میں ترمیم کی بھی منظوری دے دی ہے۔