الیکشن 2018 کیلئے انتخابی میدان کل سجے گا، پولنگ کے سامان کی ترسیل شروع

 
0
381

25 جولائی کو 10 کروڑ 59 لاکھ سے زائد ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے
اسلام آباد جولائی 24(ٹی این ایس)الیکشن 2018 کے لیے انتخابی میدان کل سجے گا، جہاں 10 کروڑ 59 لاکھ سے زائد ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے۔
اس حوالے سے پولنگ کے سامان کی ترسیل شروع کردی گئی ہے اور بیلٹ پیپرز سمیت دیگر سامان فوج کی نگرانی میں پولنگ اسٹیشنوں تک پہنچایا جا رہا ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق پریزائیڈنگ آفیسر چاہیں تو رات کو پولنگ اسٹیشن پر رک سکتے ہیں، تاہم فوجی جوان رات بھر پولنگ اسٹیشن پر موجود رہیں گے۔
ذرائع کے مطابق شہری علاقوں میں سامان کی ترسیل کا کام آج شام سے پہلے مکمل کرلیا جائے گا جبکہ دور دراز علاقوں میں انتخابی سامان کی ترسیل رات تک جاری رہے گی۔
مختلف وجوہات کی بناء پر قومی اسمبلی کے 2 اور صوبائی اسمبلیوں کے 6 حلقوں پر انتخابات ملتوی ہونے کے بعد کل قومی اسمبلی کے 277 اور صوبائی اسمبلیوں کے 570 حلقوں پر مقابلہ ہوگا۔واضح رہے کہ سندھ اسمبلی کے حلقے پی ایس 6 سے میر شبیر بجارانی الیکشن سے قبل ہی بلامقابلہ منتخب ہوچکے ہیں۔