عائشہ گلالئی کے ذاتی الزامات پر سیاست نہیں کرنی چاہیے، گورنر سندھ

 
0
424

کراچی اگست 06.(ٹی این ایس )گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ عائشہ گلالئی نے 2 الزامات لگائے پہلا ذاتی اور دوسرا کرپشن سے متعلق تھا، ذاتی معاملات پر سیاست نہیں کرنی چاہیے۔ پڑوسیوں سے بہتر تعلقات اورتجارت وقت کی اہم ضرورت ہے چار میں سے تین سے دنگل ہورہا ہو تو پھر معاشی ترقی کیسے ممکن ہوگی ایم کیوایم کے قانونی دفاتر کھولنے پرغور ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ شب کراچی کونسل اینڈ فارن ریلیشن کے چودہ سالہ تقریب سے خطاب اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔تقریب سے سابق وفاقی مشیر طارق فاطمی نے بھی خطاب کیا۔گورنر سندھ محمد زبیر نے کہاکہ پاکستان اور بھارت کو تجارتی تعلقات بہتربنانے کی ضرورت ہے۔ دہشت گردی کے ناسور سے ملک کی سرگرمیاں ماند پڑگئی تھیں جسے ن لیگ کی حکومت نے ختم کیا۔گورنر سندھ نے کہا کہ ذاتی باتوں پر سیاست کرنے سے گریز کرنا چاہیے، گلالئی نے خیبرپختونخواہ حکومت پر کرپشن کا جو الزام لگایا اس کی تحقیقات بے حد ضروری ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان سیاسی مخالف ہیں تو ان کا مقابلہ سیاست سے ہی کرنا چاہیے، گلالئی نے موبائل مسیجز کے جو الزامات لگائے اس معاملے کو دیکھنا پارلیمانی کمیٹی کی ذمہ داری ہے ہم سب کو فیصلے کا انتظار کرنا اور اسے قبول کرنا ہوگا۔گورنر سندھ نے مزید کہا کہ کوئی مسئلہ ہو تو اس کو حل کرنے کی بہترین جگہ پارلیمان ہی ہے، اراکین اگر ایک دوسرے پر الزامات لگاتے رہیں گے تو وہ کمیٹی کی تحقیقات پر اثر انداز ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ ایم کیو ایم سے معاملات آگے بڑھ رہے ہیں، ایم کیو ایم سے بات چیت ضروری تھی سندھ کے دونوں بڑے شہروں کا مینڈیٹ ان کے پاس ہے۔ مسلم لیگ ن نے ہمیشہ سے کراچی کی ترقی اور انفرااسٹریکچر کو مضبوط بنانے کی بات کی، نوازشریف نے حیدرآباد کے لیے جو ترقیاتی منصوبے کا اعلان کیا تھا اسے جلد مکمل کیا جائے گا۔سابق سفیر طارق فاطمی نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ کراچی ترقی کی راہ پرگامزن ہے۔ کراچی میں امن اور ترقیاتی منصوبوں کا کریڈٹ ن لیگ حکومت کو جاتاہے۔ تقریب میں مختلف ممالک کے کونسل جنرل اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہار تاجر برادری سمیت عمائدین شہر نے شرکت کی۔