فلم ٹچ بٹن ریلیز سے قبل ہی فلم تنازعات کا شکار ہوگئی، معروف اداکارہ سونیا حسین نے فلم پروڈیوسر عروہ حسین کو 50 لاکھ ہرجانے کا نوٹس ارسال کردیا۔
پاکستان شوبز انڈسٹری کی خوبرو اداکارہ عروہ حسین نے 11 نومبر کو ریلیز ہونے والی اپنی نئی فلم ٹچ بٹن سے فلم پروڈکشن کے میدان میں قدم رکھا ہے۔
ریلیز سے قبل ہی فلم تنازعات کا شکار ہوگئی، ان دنوں فلم کی پروموشن چل رہی ہے لیکن فلم کی اداکارہ سونیا حسین فلم کی پرموشنز سے غائب ہیں۔
ایک سوشل میڈیا پیج کے مطابق سونیا حسین نے معاہدے کی خلاف ورزی پر فلم پروڈیوسر عروہ حسین کو 50 لاکھ ہرجانے کا نوٹس بھیج دیا ہے۔
سونیا حسین کے مطابق عروہ حسین اور ان کے درمیان معاہدہ ہوا تھا کہ شوٹنگ ختم ہوتے ہی معاوضہ ادا کردیا جائے گا مگر ایسا نہیں ہوا۔
شوٹنگ کو ختم ہوئے دو سال سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے لیکن تاحال فلم کا معاوضہ ادا نہیں کیا گیا ہے۔
سونیا حسین نے عدالتی نوٹس میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ معاوضے کے لیے بارہا انہیں یاد دہانی کروائی گئی لیکن انہوں نے کوئی مناسب جواب تک نہیں دیا بلکہ رواں برس صرف 5 لاکھ کا چیک بھجوایا جو میں نے انہیں واپس کر دیا۔ لہذا اب میں قانونی راستہ اختیار کرنے پر مجبور ہوں۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ عروہ حسین کے رویے کی وجہ سے انہیں پریشانی کا سامنا کرنا پڑا، وہ جذباتی طور پر کمزور پڑ گئیں اور اپنے ہی پیسے مانگنے کے لیے شرمندہ ہوتی رہیں۔
اس لیے اب پروڈیوسر انہیں ہرجانے کے لیے 50 لاکھ روپے ادا کریں۔
اس نوٹس کے مطابق عروہ حسین آئندہ 14 روز میں سونیا حسین کے قانونی نوٹس کا جواب دیں، دوسری صورت میں ان کے خلاف ہرجانے کا مقدمہ عدالت میں دائر کیا جائے گا۔