آئی ایم ایف کا سیلاب متاثرین کے لیے ٹارگٹڈ سبسڈیز دینے کا عندیہ

 
0
99

آئی ایم ایف پاکستان مشن چیف ناتھن پورٹر نے وزیرخزانہ اسحاق ڈار سے ملاقات میں سیلاب متاثرین کے لیے امداد پر رضا مندی ظاہر کردی۔
وزیرخزانہ اسحاق ڈار کی آئی ایم ایف پاکستان مشن چیف ناتھن پورٹر سے ورچوئل ملاقات ہوئی، ملاقات میں آئی ایم ایف کے جاری پروگرام پر پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزارت خزانہ کا کہنا تھا کہ ملاقات میں خاص طور پر میکرو اکنامک فریم ورک اور رواں سال کے اہداف پر سیلاب کے اثرات پر بات کی گئی۔
آئی ایم ایف نے غریبوں اور پسماندہ افراد خصوصا سیلاب متاثرین کے لیے ٹارگٹڈ سبسڈیز پر ہمدردانہ غور کے لیے اپنی رضا مندی کا عندیہ دیا۔
وزارت خزانہ نے کہا کہ آئی ایم ایف کے نویں جائزے کیلئے تکنیکی سطح کے مذاکرات کو جلد حل کیا جائے گا، حکومت آئی ایم ایف پروگرام کو کامیابی سے مکمل کرنے کی خواہاں ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ حکومت پاکستان نے آئی ایم ایف کے ساتھ اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ رواں سال کے دوران سیلاب سے متعلق انسانی امداد کے اخراجات کے تخمینے اور بحالی کے ترجیحی اخراجات کے تخمینے پر مضبوطی سے کار بند رہا جائے گا۔
اس سلسلے میں 9ویں جائزے کے ساتھ آگے بڑھنے کے لیے تکنیکی سطح پربات چیت اور جائزے کو تیزی سے مکمل کیا جائے گا۔
وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے حکومت پاکستان کے آئی ایم ایف پروگرام کو کامیابی سے مکمل کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں معاشی اصلاحات جاری رکھی جائیں گی جبکہ سیلاب سے متاثرین افراد اور علاقوں کے لیے ریلیف بھی اولین ترجیح میں رہے گا۔