سپریم کورٹ: حمزہ شہباز کو گرفتاری سے قبل آگاہ کرنیکا لاہور ہائیکورٹ کا حکم کالعدم قرار

 
0
75

سپریم کورٹ نے مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز کو گرفتاری سے قبل آگاہ کرنے کا لاہور ہائیکورٹ کا حکم کالعدم قرار دے دیا۔

جسٹس اعجازالاحسن کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے نیب کی جانب سے حمزہ شہباز سے متعلق لاہور ہائیکورٹ کا حکم چیلنج کرنے کی درخواست پر سماعت کی۔

سپریم کورٹ نے اپنے حکم نامے میں کہا کہ گرفتاری سے قبل ملزم کو آگاہ کرنے کی قانون میں کوئی شرط نہیں ہے، گرفتاری سے قبل آگاہ کرنے کا لاہور ہائیکورٹ کا حکم خلاف قانون ہے۔

عدالت نے مزید کہا کہ حمزہ شہباز کو گرفتاری سے 10 دن قبل بتانے کا حکم بطور عدالتی نظیر استعمال نہ کیا جائے۔سپریم کورٹ نے لاہور ہائیکورٹ کا حکم غیر مؤثر ہونے کی بنیاد پر کیس نمٹا دیا۔

یاد رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز کو گرفتاری سے قبل آگاہ کرنے کا حکم دیا تھا، عدالت نے حکم صاف پانی، رمضان شوگر ملز اور آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کے سلسلے میں دیا تھا۔