’نجی نیوز چینل نے ہتک عزت کی‘، عمران خان نے امارات میں مقدمہ دائر کر دیا

 
0
136
پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان نے نجی نیوز چینل جیو، اینکر شاہزیب خانزادہ اور دبئی میں مقیم تاجر عمر فاروق ظہور کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر کیا ہے۔
سنیچر کو عمران خان نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ اُن کے وکلا نے متحدہ عرب امارات میں مذکورہ افراد کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائر کیا ہے۔
سابق وزیراعظم نے لکھا کہ ’حسن شاد کی سربراہی میں میرے متحدہ عرب امارات کے وکلا نے اب جیو ٹی وی، شاہ زیب خانزادہ اور دھوکہ باز عمر فاروق ظہور کے خلاف متحدہ عرب امارات کے قانون کے تحت مجرمانہ ہتک عزت کی کارروائی کے لیے درخواست دی ہے۔‘
عمران خان نے گزشتہ ماہ اعلان کیا تھا کہ وہ جیو، عمر فاروق ظہور اور شاہزیب خانزادہ کے خلاف قانونی کارروائی کریں گے۔
عمر فاروق ظہور نے جیو نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے عمران خان کو ایک گھڑی خریدنے کے لیے دو ملین ڈالر ادا کیے۔ مذکورہ گھڑی سابق وزیراعظم کو ریاستی تحفے کے طور پر ملی تھی۔
رواں سال اکتوبر میں عمران خان کو سرکاری تحائف کی فروخت سے بنائے گئے اثاثے ظاہر کرنے میں ناکامی پر الیکشن کمیشن نے عوامی عہدے کے لیے نااہل قرار دیا تھا۔
توشہ خانہ کے تحائف کی مالیت ظاہر نہ کرنے پر الیکشن کمیشن نے عمران خان کے خلاف فوجداری مقدمہ چلانے کی شکایت بھی درج کرائی ہے جس پر تحریک انصاف کے چیئرمین کو اسلام آباد کی مقامی عدالت نے نوٹس جاری کر کے ذاتی طور پر طلب کر رکھا ہے۔
عمران خان پر الزام ہے کہ انہوں نے بطور وزیراعظم اپنے عہدے کا غلط استعمال کرتے ہوئے بیرون ملک سرکاری دوروں کے دوران ملنے والے تحائف کی خرید و فروخت کی اور ان کی مالیت کم ظاہر کر کے اپنی ذات کو فائدہ پہنچایا۔
سابق وزیراعظم الیکشن کمیشن کے سامنے جمع کرائے گئے اثاثوں کے سالانہ گوشواروں میں اپنے اثاثے درست طور پر بتانے میں ناکام رہے تھے۔