وزیراعظم شہبازشریف نے سابق صدر اور اپنے اتحادی آصف زرداری سے رابطہ کیا ہے اور پنجاب اسمبلی کے حوالے سے نئی حکمت عملی پر غور شروع کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کی صورتحال پر وفاق میں اتحادی حکومت کی قیادت میں مشاورتی عمل جاری ہے، اور وزیراعظم شہباشریف نے سابق صدر آصف زرداری سے رابطے کے بعد نئی حکمت عملی پرغور شروع کردیا ہے۔
ذرائع کے مطابق حکومتی اتحادیوں نے کل وفاقی کابینہ کا اجلاس بلانے کا مشورہ دیا ہے، جس میں وفاق میں اتحادیوں کی پنجاب کی صورتحال اور وزیراعلی کے طرز عمل پر مشاورت ہوگی۔
پنجاب میں گورنر راج لگانے کا آپشن بھی وفاقی کابینہ میں رکھنے کی تجویز دی گئی ہے، جب کہ وزیراعظم کے رابطوں کے بعد آج پنجاب کے سیاسی معاملات پراہم پیشرفت بھی متوقع ہے۔