رواں سال کے لئے گندم کا پیداواری ہدف 91 فیصد مکمل کرلیا،طارق بشیر چیمہ

 
0
162

وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ کا کہنا ہے کہ امید ہے رواں سیزن میں گندم کی اچھی فصل ہوگی اور دعا ہے ہمیں اگلے سال گندم امپورٹ نہ کرنی پڑے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ زراعت کا شعبہ پاکستان کی ریڑھ کی ہڈی ہے، ملک کو مشکلات سے نکالنے کیلئے کسانوں کاکردار اہم ہے، رواں برس بارشوں اور سیلاب سے سندھ، بلوچستان اور پنجاب میں نقصانات ہوئے، متاثرہ علاقے ابھی تک مکمل بحال نہیں ہوسکے ۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ناقص پالیسیوں کی وجہ سے گندم درآمد کررہے ہیں، رواں سال کے لئے گندم کا پیداواری ہدف 91 فیصد مکمل کرلیا، پنجاب میں 97، سندھ میں 74، خیبر پختونخوا میں میں گندم کی کاشت کا 85 فیصد ہدف مکمل ہوا ہے، امید ہیاس بار اچھی فصل ہوگی، دعا ہے اگلے سال گندم امپورٹ نہ کرنی پڑے۔طارق بشیر چیمہ کا کہنا تھا کہ 17 نومبر کو وفاقی کابینہ نے کسان پیکج کی منظوری دی تھی،زرعی قرضوں کو بڑھا کر 1 ہزار 819 ارب کیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک میں 2 لاکھ سے زائد ٹیوب ویلز بجلی اور 12 لاکھ سے زائد ڈیزل پر چل رہے ہیں، ٹیوب ویلز کو بجلی سے سولر پر منتقل کررہے ہیں. وزیراعظم نے کھاد کی قیمت 25 سو روپے تک کم کی، ڈی اے پی کا بیگ اس وقت 9 ہزار روپے میں مل رہا ہے.

ٹریکٹرز سے متعلق وفاقی وزیر نے کہا کہ 5 سال استعمال شدہ ٹریکٹر امپورٹ کرنیکی اجازت دی گئی ہے ٹریکٹرز کی امپورٹ پر ڈیوٹی میں چھوٹ دی گئی ہے، کوشش کررہے ہیں کہ 3 سال پرانا ٹریکٹر بھی درآمد کیاجاسکے۔