توہین الیکشن کمیشن: عمران خان، اسدعمر اور فواد چودھری کیلئے آخری موقع

 
0
102

الیکشن کمیشن نے توہین الیکشن کمیشن کیس میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان سمیت پی ٹی آئی رہنماوں اسد عمر اور فواد چودھری کو پیشی کے لئے آخری موقع دیتے ہوئے ریمارکس دیے کہ کرمنل کیس میں فریقین کا خود پیش ہونا ضروری ہوتا ہے، آئندہ سماعت پرعدم پیشی کی صورت میں یکطرفہ کارروائی کرکے فیصلہ سنا دیں گے۔
ممبر سندھ نثار درانی کی زیر صدارت 4رکنی کمیشن نے سابق وزیراعظم عمران خان ، پی ٹی آئی رہنما اسدعمراور فواد چوہدری کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت کی۔
عمران خان، اسد عمر اور فواد چوہدری پیش نہ ہوئے جبکہ پی ٹی آئی چیئرمین کی جانب سے معاون وکیل الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔
عمران خان کے معاون وکیل نے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کردی۔
ممبرسندھ نثاردرانی نے کہا کہ عمران خان، اسد عمر اورفواد چوہدری ذاتی طور پرپیش نہیں ہوئے، ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کا آرڈرمعطل نہیں کیا۔
ممبر اکرام اللہ خان نے کہا کہ ہائیکورٹ نیعمران خان سمیت دیگرکوپیش ہونے سے نہیں روکا، خود پیش نہیں ہوتے تو وکلا کے وکالت نامے واپس کردیں گے، کرمنل کیس میں فریقین کا خود پیش ہونا ضروری ہوتا ہے۔
الیکشن کمیشن نے عمران خان، اسد عمر اور فواد چوہدری کو پیش ہونے کا آخری موقع دے دیا۔
ممبر سندھ نثار درانی نے کہا کہ آئندہ سماعت پرعدم پیشی کی صورت میں یکطرفہ کارروائی کرکے فیصلہ سنا دیں گے۔
بعدازاں الیکشن کمیشن نے کیس کی مزید سماعت 24 جنوری تک ملتوی کردی۔