روسی وزیر نے وزیرِاعظم کو روسی صدر کا خصوصی پیغام پہنچایا، وزیرِ اعظم آفس

 
0
73

وزیرِ اعظم شہباز شریف اور روس کے وزیر توانائی کے درمیان گزشتہ روز ہونے والی ملاقات کا اعلامیہ وزیرِ اعظم آفس نے جاری کر دیا۔

وزیرِ اعظم آفس کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق روس کے وزیر توانائی نے وزیرِ اعظم شہباز شریف کو روسی صدر پیوٹن کا خصوصی پیغام پہنچایا۔

اعلامیے کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف سے روس کے وزیر توانائی کی قیادت میں وفد نے گزشتہ روز لاہور میں ملاقات کی تھی۔

وزیرِ اعظم آفس کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ شہباز شریف نے پاکستان اور روس کے باہمی تعلقات کی اہمیت پر بات چیت کی، انہوں نے ستمبر 2022ء میں سمرقند میں روسی صدرکے ساتھ اپنی ملاقات کا ذکر بھی کیا۔

اعلامیے کے مطابق وزیرِ اعظم نے کہا کہ روسی صدر سے ملاقات میں پاک روس تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اہم فیصلے کیے گئے تھے۔

وزیرِ اعظم نے تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی معاملات میں دوطرفہ تعاون کو بڑھانے کی کوششوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔

اعلامیے کے مطابق صدر پیوٹن نے اپنے پیغام میں پاکستان کو جنوبی ایشیا اور عالم اسلام میں روس کا اہم پارٹنر قرار دیا، انہوں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے لیے روس کی بھرپور دلچسپی کا اعادہ کیا۔

وزیرِ اعظم آفس کے اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا کہ ملاقات میں روس سے پاکستان کو طویل المدتی بنیادوں پر تیل اور گیس کی فراہمی پر تبادلہ خیال کیا گیا، گیس پائپ لائنز سے متعلق امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔