اتھیا اور کے ایل راہول کی شادی سنیل شیٹی کے کھنڈالہ والے گھر میں کیوں ہورہی ہے؟

 
0
304

بالی ووڈ کی اُبھرتی ہوئی اداکارہ اتھیا شیٹی اور بھارتی کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان کے ایل راہول کی شادی چند ہی دنوں میں ہونے والی ہے۔

بھارتی میڈیا پر اس شادی کی تقریبات کے حوالے سے مختلف قسم کی خبریں گردش کر رہی ہیں۔

حال ہی میں اس شادی کے حوالے سے یہ خبر سامنے آئی ہے کہ کے ایل راہول کو سنیل شیٹی کا کھنڈالہ میں موجود خاندانی گھر بہت زیادہ پسند ہے جوکہ کسی حویلی سے کم نہیں ہے اور وہ سنیل اور اتھیا سے اس بات کا اظہار بھی کرچکے ہیں۔

دوسری جانب، اتھیا اپنی شادی کی تقریب اور دیگر روایتی تقریبات کے دوران بہت زیادہ شور شرابہ نہیں چاہتیں، اسی لیے سنیل شیٹی نے فیصلہ کیا کہ کیوں نہ بیٹی کی شادی کی تقریب کو اپنے کھنڈالہ والے گھر میں منعقد کیا جائے۔

سنیل شیٹی کا یہ فیصلہ سنتے ہی کے ایل راہول اور اتھیا شیٹی کی خوشی کا کوئی ٹھکانہ نہ رہا۔

رپورٹ کے مطابق، کھنڈالہ میں شادی کی تقریبات میں شرکت کرنے والے مہمانوں کے لیے وہاں کے ریڈیسن ہوٹل کے کمروں کی بکنگ بھی ہو چکی ہے اور ایک شاندار مینو شادی میں مدعو کیے گئے مہمانوں کا انتظار کر رہا ہے۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ  شادی کے ایک یا دو ماہ بعد اتھیا اور کے ایل راہول کی جانب سے ممبئی میں ایک بڑے استقبالیہ کا انعقاد کیا جائے گا جہاں بالی ووڈ، کرکٹ اور کاروباری برادری کی نامور شخصیات کی بڑی تعداد میں شرکت متوقع ہے۔

واضح رہے کہ اتھیا اور کے ایل راہول کی شادی کی تقریبات کا آغاز 20 جنوری سے ہوگا اور مداح اس شادی کی تقریبات کی مکمل تفصیلات سامنے آنے کا کافی بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔