کراچی ایئرپورٹ سے سونا و غیر ملکی کرنسی اسمگلنگ کی کوشش ناکام

 
0
122

ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس نے کراچی ایئرپورٹ سے سونا اور غیرملکی کرنسی بنکاک اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔

ترجمان اے ایس ایف کے مطابق ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس کے عملے نے کراچی سے بنکاک جانے والے مسافر سے 1 لاکھ 15 ہزار امریکی ڈالر، 31 ہزار کینیڈین ڈالر اور 50 گرام سونا برآمد کیا ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ مسافر راحیل نے تمام نقدی اور سونا اپنے بیگ میں مہارت سے چھپا رکھا تھا، تاہم اے ایس ایف کے عملے نے پروفیشنل مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے سامان کی تلاشی کے دوران نقدی اور سونا برآمد کرکے منی لانڈرنگ کی کوششں ناکام بنائی۔

مذکورہ نقدی اور سونے کی پاکستانی روپوں میں مالیت 3 کروڑ 26 لاکھ روپے سے زیادہ ہے۔

ترجمان اے ایس ایف کا کہنا ہے کہ ملزم کو ابتدائی تفتیش کے بعد برآمد شدہ نقدی اور سونے سمیت مزید قانونی کارروائی کیلئے کسٹمز حکام کے حوالے کردیا گیا ہے۔