مسلم لیگ (ن) کے رہنما عطا اللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی والے جیل نہیں جائیں گے، اس تاثر کو ختم کرنا ہوگا۔
اسلام آباد میں عابد شیر علی کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ فواد چوہدری نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے افسران کے خاندانوں سےحساب لیں گے، نہال ہاشمی نے اسی طرح کی بات کرنے پر 6 ماہ قید کی سزا بھگتی۔
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کو سیکریٹری الیکشن کمیشن کی درخواست موصول ہوئی، فواد چوہدری پر صرف پرچہ درج ہواہے تو ایسا لگ رہا ہے کہ قیامت آگئی، منتخب وزیر اعظم کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر عہدے سے ہٹایا گیا، فواد چوہدری عدلیہ کو کہہ رہے ہیں تمہارا باپ بھی عمران خان کو نااہل نہیں کرسکتا۔
رہنما مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ فواد چوہدری کو کسی کے گھر والوں کو دھمکی دینے کی اجازت کس نے دی، کوئی بھی شخص آئینی اداروں کو دھمکی نہیں دے سکتا، اداروں کو ڈرا دھمکا کر مرضی کے فیصلے لینے کی بازپرس تو ہوگی، اگر آج اس چیز کو نہ روکا تو گلی گلی دھمکیاں دی جائیں گی، پی ٹی آئی والے جیل نہیں جائیں گے، اس تاثر کو ختم کرنا ہوگا۔
اس موقع پر عابد شیر علی نے کہا کہ فواد چوہدری کی گرفتاری تو قانونی طریقے سے ہوئی ہے، پی ٹی آئی نے ہر جگہ قانون کی خلاف ورزی کی، ہمارے لوگوں کو اسمبلیوں سے نکال دیا گیا، ہمارے لوگوں پر جھوٹی ایف آئی آر درج کی گئی، ریاست پر مسلح جتھے حملہ آوار ہوں گے تو قانون حرکت میں آئے گا۔