آسٹریلیا کی T20 ٹیم کے کپتان ایرون فنچ کا ریٹائرمنٹ کا اعلان

 
0
130

آسٹریلوی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان ایرون فنچ نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا ہے۔

فنچ نے 5 ٹیسٹ، 146 ون ڈے اور 103 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں آسٹریلیا کی نمائندگی کی، جس میں انہوں نے مجموعی طور پر 8 ہزار 804 رنز اسکور کیے۔

ان کے انٹرنیشنل کیریئر میں 17 ایک روزہ اور 2 ٹی ٹوئنٹی سنچریاں بھی شامل ہیں۔

فنچ نے 76 ٹی ٹوئنٹی اور55 ون ڈے میچز میں آسٹریلیا کی کپتانی بھی کی، وہ گزشتہ سال ستمبر میں ایک روزہ کرکٹ سے ریٹائر ہوئے تھے۔

ایرون فنچ نے منگل کو انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مجھے احساس ہوگیا کہ میں اگلے سال ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ تک نہیں کھیل سکوں گا، اس لیے ریٹائر ہونے کا یہ صحیح وقت ہے تاکہ ٹیم کے مستقبل کی تیاری شروع کی جاسکے۔

اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ پورے کیریئر میں سپورٹ کرنے پر اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

واضح رہے کہ2021 میں آسٹریلیا نے پہلی بار ایرون فنچ کی کپتانی میں متحدہ عرب امارات میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ جیتا تھا تاہم وہ گزشتہ سال اپنے ہی ملک میں ہونے والی ورلڈکپ میں ٹائٹل کا دفاع کرنے میں ناکام رہے تھے۔

ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کی سب سے بڑی انفرادی اننگز کا ریکارڈ ایرون فنچ کے پاس ہی ہے، انہوں نے 2018 میں زمبابوے کے خلاف 76 گیندوں پر 172 رنز کی ریکارڈ ساز اننگز کھیلی تھی۔