پی ٹی آئی ارکان کے استعفے آئین کے مطابق منظور کر چکا ہوں: سپیکر

 
0
90
قومی اسمبلی کے سپیکر راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں کے استعفے قانون و آئین اورقومی اسمبلی کے قواعد و ضوابط کے تحت استعفے منظور ہو چکے ہیں۔
پیر کو پی ٹی آئی کے رہنماؤں نے  سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے  ملاقات کی۔ پی ٹی آئی وفد میں عامر ڈوگر، کنول شوذب، ساجدہ بیگم، عامر کیانی، عاصمہ حدید، امجد نیازی، ظل ہما،شوکت علی بھٹی، فیض اللہ،خرم شہزاد اور طاہرصادق شامل تھے۔
قومی اسمبلی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ملاقات میں پی ٹی آئی کے سابق ارکان قومی اسمبلی کے استعفوں کی منظوری پربات ہوئی اور پی ٹی آئی وفد نے استعفوں کی منظوری کے اقدام کو واپس لینے کی استدعا کی۔
سپیکرقومی اسمبلی نے جواب دیا کہ ’قانون و آئین اورقومی اسمبلی کے قواعد و ضوابط کے تحت استعفے منظور کرچکا ہوں، بار بار خطوط بھیجے، اس کے باوجود پی ٹی آئی کا کوئی ممبر حاضر نہیں ہوا، اسد قیصر اور عامر ڈوگر کی سربراہی میں آئے وفد کے بعد استعفے قبول کرنے کا عمل شروع کردیا تھا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’سابق سپیکراسد قیصرکی سربراہی میں آئے وفد نے استعفے منظور کرنے کی استدعا کی تھی، میں آئین، قانون اور قومی اسمبلی کے قواعد و ضوابط کا پابند ہوں۔‘
راجہ پرویز اشرف نے پی ٹی آئی ارکان سے کہا کہ ’کیا ممبران نے استعفے اپنی مرضی کے مطابق نہیں دیے تھے؟ سابق سپیکراسد قیصر کی سربراہی میں آئے وفد کے اصرار پر استعفے منظور کیے گئے تھے، پھر بھی آپ کی درخواست پر معاملے کو لیگل ٹیم سے ڈسکس کر کے آپ کو مطلع کردیا جائے گا۔‘
دوسری جانب تحریک انصاف نے قومی اسمبلی میں شاہ محمود قریشی کو اپوزیشن لیڈر نامزد کردیا اور اس حوالے سے سپیکر قومی اسمبلی کو خط لکھ دیا گیا ہے۔
خط میں لکھا گیا ہے کہ نئے چیئرمین نیب کی تقرری اپوزیشن لیڈر کی مشاورت سے ہونی ہے۔ چیئرمین نیب کی تقرری کا معاملہ پی ٹی آئی کے نامزد کردہ اپوزیشن لیڈر سے طے کیا جائے۔