پاشاگروپ کے سینئر وائس چیئرمین راجہ ارشدمحمودنے اپنے سینکڑوں ساتھیوں سمیت سی ڈی اے مزدور یونین (سی بی اے)میں شمولیت کا اعلان کر دیا

 
0
95

اسلام آباد ( )پاشاگروپ کے سینئر وائس چیئرمین راجہ ارشدمحمودنے اپنے سینکڑوں ساتھیوں سمیت سی ڈی اے مزدور یونین (سی بی اے)میں شمولیت کا اعلان کر دیا،اس سلسلے میں شمولیتی تقریب سی ڈی اے مزدور یونین کے مرکزی آفس میں منعقد ہوئی،تقریب میں مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یٰسین،صدراورنگزیب خان،سپریم ہیڈ صوفی محمود علی،ایڈیشنل جنرل سیکرٹری علی اصغر مانی بٹ،راجہ محمد رفیق،چوہدری زاہد احمدودیگرنے نئے شامل ہونے والے ساتھیوں راجہ ارشد،راجہ وسیم،زوہیب محمود،عبدالحکیم،شیخ محمد ندیم،وارث سہوترا،چوہدری گلزار،پاسٹر مقبول،واجد محمود،امرت مسیح سمیت سینکڑوں ملازمین کو مرکزی یونین آفس میں خوش آمدیدکہا،اس موقع پر پاشاگروپ کے سینئر وائس چیئرمین راجہ ارشدمحمودنے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چوہدری محمد یٰسین نے ہمیشہ مزدوروں کی بلاتفریق خدمت کی ہے اور انکے مسائل کے حل کے لیے مسلسل جدوجہد کر رہے ہیں جس کی وجہ سے مزدوروں کو بے شمار مراعات و سہولیات مل رہی ہیں انہی خدمات کو مدنظر رکھ کر ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ سی ڈی اے مزدور یونین میں شمولیت اختیارکی جائے جبکہ دوسری طرف نام نہاد لیڈروں کے پاس مزدوروں کے لیے کوئی منشور نہیں ہے اور وہ مزدوروں کے معاشی قاتل ہیں،سی ڈی اے کا مزدورایسے نام نہاد اور جعلی لیڈروں کی سیاست کو ہمیشہ کے لیے دفن کر دیں گے اورانشاء اللہ سی ڈی اے مزدور یونین کے ساتھ مل کر مزدوروں کی خدمت کو جاری رکھیں گے اور مزدوروں کے حقوق کاتحفظ کریں گے،مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یٰسین نے نئے شامل ہونے والے تمام ساتھیوں کو خوش آمدید کرتے ہوئے کہا کہ تمام ملازمین سی ڈی اے مزدور یونین کا اثاثہ ہیں،مستقبل میں مزدوروں کی فلاح و بہبود کے لیے کیے جانے والے فیصلوں اور پالیسیوں میں باہمی مشاورت سے حل کیے جائیں گے،ہمارا مقصد محبتوں کو فروغ دینا اور نفرتوں کا خاتمہ کرنا ہے، سی ڈی اے مزدور یونین مزدوروں کی نمائندہ تنظیم ہے جس کا مقصدرنگ،نسل اور مذہب سے بالاترہوکر مزدوروں کی خدمت ہے،ماضی میں بھی مزدور یونین نے ملازمین کے بے شمار مسائل مذاکرات سے حل کیے ہیں اور انشاء اللہ آئندہ بھی ملازمین کے پلاٹوں کی الاٹمنٹ،بچوں کی بھرتی،پروموشن سمیت دیگر مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کروائیں گے،انھوں نے کہا کہ ہم نے مزدوروں کے مسائل پر انتظامیہ کو چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کردیا ہے اور اس پر سی ڈی اے انتظامیہ سے مذاکرات شروع ہو چکے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ انشاء اللہ انتظامیہ مزدوروں کے مسائل پر مثبت پیش رفت کرے گی اور تمام مسائل باہمی گفت وشنید کے ذریعے حل کرائیں گے،انھوں نے کہا کہ ادارے میں مزدورسخت بے چینی کا شکار ہیں اور انتظامیہ کی عدم توجہ سے مزدوروں کو مزدور یونین کے طے شدہ معاہدے کے مطابق مراعات نہیں مل رہیں،ہم ادارے میں صنعتی امن چاہتے ہیں جس کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے اگر مزدوروں کے مسائل حل نہ کیے گئے تو ہم اپنا جمہوری حق استعمال کریں گے اور اس کے لیے جلد ہی مشاورتی اجلاس بلایا جائے گا۔