اسلام آباد (ٹی این ایس)چین کے نائب وزیراعظم تین روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے

 
0
140

چین کے نائب وزیراعظم 3 روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے ہیں، وفاقی وزرا رانا ثنا اللہ اور احسن اقبال نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔

چین کے نائب وزیراعظم کا دورہ پاکستان اور چین کے درمیان اعلی سطح پر تبادلوں اور مذاکرات کا حصہ ہے، دورہ میں پاکستان قیادت سے دوطرفہ تعلقات کو وسعت دینے پر تبادلہ خیال ہوگا، دونوں ممالک کے مابین باہمی و دفاعی تعاون کے فروغ پر مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے جائیں گے۔قبل ازیں ترجمان دفترخارجہ نے بتایا تھا کہ چین کے نائب وزیراعظم دورہ پاکستان کے دوران سی پیک کی 10 سالہ تقریبات میں شرکت کریں گے،چینی نائب وزیراعظم، صدر عارف علوی اور وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔

دوسری طرف چینی حکام کے دورہ پاکستان کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔آئی جی اسلام آباد کے حکم پر شہر کے مختلف علاقوں میں انسداد دہشتگردی یونٹ کی جانب سے گرینڈ سرچ آپریشن کیا گیا، سرچ آپریشن ترنول اور سنگجانی سمیت ملحقہ کچی آبادیوں میں کیا گیا، آپریشن میں 205گھروں، گیسٹ ہاوسز، ہوٹلز پر موجود افراد کا ڈیٹا چیک کیا گیا۔پولیس کے مطابق آپریشن کے دوران انسداد دہشتگردی یونٹ نے 63 مشکوک افراد کو تھانے منتقل کر دیا، سرچ آپریشن کے دوران بغیر دستاویز 10 موٹر سائیکل قبضے میں لے لیے گئے، آپریشن کے دوران تھانے منتقل کیے گئے افراد میں افغانی بھی شامل ہیں