لاہور ( ٹی این ایس)نگراں وزیراعظم کی نامزدگی پر پاکستان تحریک انصاف کا ردعمل

 
0
370

نگراں وزیراعظم کی نامزدگی پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا ردعمل سامنے آیا ہے۔تحریک انصاف کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف پارلیمان کے اندر اور باہر ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے، آئین کی رو سے نگراں وزیر اعظم کی نامزدگی کے معاملے پر وزیر اعظم کی جانب سے کسی بھی سطح پر شریکِ مشاورت نہیں کیا گیا۔ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ سینیٹر انوارلحق کاکڑ کی نامزدگی کٹھ پتلی وزیر اعظم اور قومی اسمبلی میں حزبِ اختلاف کے جعلی قائد کے مابین مشاورت سے عمل میں لائی گئی ہے۔

ترجمان نے کے مطابق اب جبکہ سینیٹر انوار الحق کاکڑ بطور نگراں وزیراعظم نامزد ہوچکے ہیں تو ان پر ایک بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے، توقع ہے کہ سینیٹر انوار الحق کاکڑ بطور نگراں وزیراعظم منصب سنبھالنے کے بعد 3 ماہ کی آئینی مدت کے اندر انتخابات کا منصفانہ اور شفاف انعقاد یقینی بنائیں گے۔تحریک انصاف کے ترجمان نے کہا کہ امید ہے کہ نگراں وزیراعظم عوام کے آئینی اور جمہوری حقوق پر مزید کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے، تمام سیاسی جماعتوں کو منصفانہ ماحول میں انتخابی مہم چلانے کے مواقع میسر کرنا نگراں حکومت کے بنیادی فرائض میں سے ایک ہے۔

ترجمان پی ٹی آئی نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ اس وقت پاکستان کی سب سے بڑی جماعت پاکستان تحریک انصاف ریاست کے زیرِ عتاب ہے، تحریک انصاف کے ہزاروں کارکنان بدترین انتقام کا نشانہ بنتے ہوئے جیلوں میں قید ہیں۔ ان کے ساتھ شہریوں کو آئین کے تحت میسر بیشتر بنیادی حقوق عملا معطل ہیں۔ تحریک انصاف کے ترجمان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت اور اس کے چیئرمین و سابق وزیراعظم عمران خان پابندِ سلاسِل اور بدترین سنسرشپ کے نشانے پر ہیں۔چنانچہ نگران وزیراعظم کوان معاملات کا فوری نوٹس لینا ہو گا