اسلام آباد(ٹی این ایس) امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کی وفاقی وزیر مواصلات و ریلوے شاہد اشرف تارڑسے ملاقات 

 
0
55
 : امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کی وفاقی وزیر مواصلات و ریلوے شاہد اشرف تارڑسے وزارت مواصلات کے کانفرنس روم میں اہم ملاقات، ہوئی جس میں دونوں فریقین کے مابین باہمی دلچسپی کے امورپر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر مواصلات وریلوے شاہد اشرف تارڑ نے امریکی سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ امریکہ اور پاکستان کے تعلقات اور تعاون کی طویل تاریخ ہے اور اب تو پاک امریکہ تعلقات سیکیورٹی سے بڑھ کر تجارت،سرمایہ کاری،سائنس و ٹیکنالوجی اور موسمیاتی تبدیلی جیسے شعبہ جات کی طرف گامزن ہیں۔انہو ں نے کہا کہ ہم ترقیاتی تعاون پر مبنی اپنے پرانے تعلقات کو مزید بڑھانا چاہتے ہیں۔
وفاقی وزیر نے امریکی سفیر کو بتایا کہ پاکستان آج بھی ریلوے میں جنرل الیکٹرانک لوکو موٹیوز استعمال کر رہاہے او رحال ہی میں ہم نے اس حوالہ سے ایک اورپیش رفت بھی کی ہے،کراچی تا پشاور ریلوے لائن پر سیلاب سے تباہ شدہ ٹریک کی تعمیر اور اس کے تحفظ کو یقینی بنانے میں امریکہ ہماری مدد کرسکتا ہے۔وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ہم نے گوادر میں کامیاب معاہدے کئے ہیں اور سرمایہ کاروں کو مزید سرمایہ کاری کی ترغیب دے رہے ہیں۔انہو ں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان میں غربت اورجہالت کے خاتمہ کیلئے امریکہ پاکستان  کے ساتھ مل کرکام کرسکتا ہے۔
وفاقی وزیر سے اپنی گفتگو میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ ہماری توجہ سرحدی علاقوں سے ہٹ کر شمالی سندھ اور جنوبی پنجاب کے سیلاب زدہ علاقوں پر مرکوز ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری توجہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور پورے انفرا سٹرکچر کی تعمیر نو کو یقینی بنانے پر مرکوز ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔انہوں نے یقین دلایا کہ ہم کاروبار کا پرکشش ماحول پیدا کرنے میں پاکستان کی بھر پور مدد کرسکتے ہیں۔
امریکی انٹرنیشنل ڈی ایف سی پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری کرنے میں خاصی دلچسپی رکھتی ہے۔ہم ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے میں پائیدار اور گرین ترقی کے اہداف حاصل کرنے میں پاکستان کی مدد کیلئے تیار ہیں۔امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم اور وفاقی وزیر مواصلات و ریلوے شاہد اشرف تارڑ کی یہ ملاقات پاک امریکہ خوشگوار تعلقات اور مختلف شعبوں میں روابط بڑھانے کی آئینہ دار ہے۔