کولمبو(ٹی این ایس) ایشیا کپ میں پاک بھارت سپر فور راؤنڈ کا میچ بارش کے باعث آج تک کے لیے ملتوی.

 
0
239

ایشیا کپ 2023 کے سپر فور مرحلے میں پاکستان اور بھارت کا میچ بارش کے باعث آج تک کے لیے ملتوی کردیا گیا ہے اور بقیہ میچ آج کھیلا جائے گا۔ تاہم شائقین کرکٹ کے لیے بری خبر یہ ہے کہ کل بھی آج کی طرح کولمبو میں مسلسل بارش کی پیش گوئی ہے جس سے میچ کے متاثر رہنے کا واضح اندیشہ ہے۔ بارش کے باعث میچ روکے جانے سے قبل بھارت نے 24 اوورز کے اختتام پر 2 وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز بنائے اور کئی بار کوشش کے باوجود بار بار بارش کی مداخلت کی وجہ سے میچ دوبارہ شروع ہو گا۔ سری لنکا کے شہر کولمبو کے پریما داسا اسٹیڈیم میں جاری اہم میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر باؤلنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور بھارت کو بیٹنگ کی دعوت دی لیکن یہ فیصلہ گزشتہ میچوں کے برعکس کچھ اچھا ثابت نہ ہو سکا۔
دونوں بھارتی اوپنرز نے اعتماد اور جارحانہ انداز میں اننگز کا آغاز کیا اور 14 ویں میں دونوں نے ٹیم کی سنچری مکمل کرا دی جبکہ اس دوران پاکستانی فاسٹ باؤلرز بالکل بے بس نظر آئے۔دونوں بھارتی اوپنرز نے خصوصاً شاداب خان کو آڑے ہاتھوں لیا اور اس دوران اپنی اپنی نصف سنچریاں بھی مکمل کیں۔ اوپنر شبمن گل نے 52 گیندو ں کا سامنا کرتے ہوئے 58 رنز بنائے اور ایک روزہ میچوں میں آٹھویں نصف سنچری مکمل کی۔

اس سے قبل کہ یہ شراکت مزید خطرناک ثابت ہوتی، شاداب کی گیند پر بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں کپتان روہت شرما 56 رنز بنا کر فہیم اشرف کو کیچ دے بیٹھے۔ بھارتی ٹیم اس نقصان سے ابھی سنبھلی نہ تھی کہ شاہین شاہ آفریدی نے اگلے اوور میں شبمن گل کی 58 رنز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔ اس کے بعد ویرات کوہلی کا ساتھ دینے لوکیش راہُل آئے اور دونوں نے مل کر اسکور کو 147 تک پہنچا دیا لیکن اسی اسکور پر میچ میں بارش نے مداخلت کردی اور کھلاڑیوں کو پویلین لوٹنا پڑا، کوہلی 8 اور راہُل 17 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔ کولمبو میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا اور گراؤنڈ میں موجود عملہ بھی تندہی سے میدان کو خشک اور کھیل کے قابل بنانے کی کوشش کرتا رہا۔ اس دوران امپائرز اور دونوں ٹیموں کے کوچ، کپتان اور کھلاڑیوں نے بھی صورتحال کا جائزہ لیا تاکہ اندازہ لگایا جا سکے کہ میچ کب تک شروع ہونے کا امکان ہے۔ امپائرز کی جانب سے ساڑھے 8 بجے دوبارہ معائنہ کیا گیا لیکن اس سے قبل کہ وہ میچ دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کرتے، ایک مرتبہ پھر بوندا باندی شروع ہو گئی جس سے میچ دوبارہ شروع ہونے کے امکانات دم توڑ گئے۔ اس کے بعد امپائرز نے دونوں کپتانوں اور میچ ریفری کی مشاورت سے کھیل ختم کرتے ہوئے میچ کو آج کے دن تک ملتوی کردیا اور اب میچ یہیں سے دوبارہ شروع ہوگا۔ بھارت کی ٹیم کل 24.1 اوورز میں 147 رنز دو کھلاڑی آؤٹ سے اپنی نامکمل اننگز دوبارہ شروع کرے گی۔ اس سے قبل ٹاس جیتنے کے بعد بات چیت کرتے ہوئے پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے کہاکہ پچ دیکھ کر پہلے باؤلنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پچ پر کچھ نمی موجود ہے، ہم اس کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک بھارت میچ ہمیشہ ہی بہت اہم ہوتا ہے، ہم میچ ٹو میچ کھیلتے ہیں، اس میچ میں بھی ہم اپنی بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے۔ قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان نے کہا کہ اپنی ٹیم کی کارکردگی سے مطمئن ہوں، بطور ٹیم ہم نے اچھا کھیلا، ہم اس میچ پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں اور اچھا کھیلنے کے خواہاں ہیں۔ گزشتہ میچ کی ٹیم کو برقرار رکھا گیا ہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بھارتی کپتان روہت شرما نے کہا کہ پچ اچھی لگ رہی ہے، شروع میں کچھ مشکلات ہو سکتی ہیں لیکن ہم اس کے لیے تیار ہیں، کوشش کریں گے بورڈ پر بڑا اسکور سیٹ کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ پچھلے میچ میں ہم نے جس طرح بیٹنگ کی، اس سے ہمیں بہت اعتماد ملا، ہمارے ہر میچ اہم ہے ، آج کے میچ کے لے مکمل تیار ہیں اور اچھی کارکردگی کے لیے پر امید ہیں۔ انہوں نے کہا بھارتی ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں، محمد شامی کی جگہ جسپریت بھمبراہ اور شریاس آئیر کی جگہ کے ایل راہول کی پلیئنگ الیون میں واپسی ہوئی ہے۔
اگرچہ بارش اس مرتبہ بھی رنگ میں بھنگ ڈال سکتی ہے لیکن اطمینان کی بات یہ ہے کہ بارش ہوجانے کی صورت میں ریزرو ڈے رکھا گیا ہے اور میچ جہاں روکا جائے گا وہیں سے دوبارہ شروع ہوگا، یعنی اگر آج ایک اننگ مکمل ہونے کے بعد میچ روک دیا گیا تو پیر کے روز وہ دوبارہ شروع کیا جائے گا۔
ایشیا کپ میں 2 ستمبر کو جب سری لنکا کے شہر پالی کیلے میں بھارت اور پاکستان میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا جس کے نتیجے میں میچ کو بے نتیجہ ختم کردیا گیا تھا اور دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا تھا۔
بعدازاں 4 ستمبر کو بھارت اور نیپال کے درمیان میچ بھی بارش کی نذر ہوگیا تھا، اس اہم میچ میں بارش کے باعث بھارت نے ڈک ورتھ لوئس اسٹرن میتھڈ (ڈی ایل ایس) کے تحت بغیر کسی نقصان کے 147 رنز بنا کر 10 وکٹوں سے جیت لیا تھا، جس کے بعد بھارت سُپر فور مرحلے میں داخل ہوگیا تھا۔