راولپنڈی(ٹی این ایس)ڈویلپمنٹ اتھارٹی غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف ٹاسک فورس کی بھرپورکارروائیاں جاری ہیں۔

 
0
118

ٹاسک فورس کا غیر قانونی ہاؤسنگ سکیم بلیو ورلڈ سٹی اور کیپٹل سمارٹ سٹی کی غیر قانونی توسیع کے خلاف گرینڈ آپریشن، 6 بنکرز مسمار کر دیے۔
راولپنڈی: ڈویژنل انٹیلی جنس کمیٹی کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کرتے ہوے ٹاسک فورس کی بھر پورکارروائیاں جاری ہیں۔ ٹاسک فورس نے آج چکری روڈ راولپنڈی پر غیر قانونی ہاؤسنگ سکیم بلیو ورلڈ سٹی اور کیپٹل سمارٹ سٹی کی غیر قانونی توسیع کے خلاف گرینڈ آپریشن کیا اور چھ بنکرز مسمار کر دیئے ہیں۔ کمشنر راولپنڈی ڈویژن لیاقت علی چٹھہ کی ہدایت پر ڈی جی آر ڈی اے، ڈپٹی کمشنراولپنڈی اور سی پی او راولپنڈی غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے خلاف آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں۔ ڈی جی آر ڈی اے محمد سیف انور جپہ نے کہا کہ کمشنر راولپنڈی کی ہدایات پر غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے فراڈ اور شہریوں سے لوٹ مار روکنے کے لیے تمام غیر قانونی سوسائٹیوں کے خلاف گرینڈ آپریشن جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی جانب سے غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے مالکان کے ناجائز قبضوں کی شکایات موصول ہوئی ہیں۔ اسلحہ کے زور پر زمینوں پر قبضہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جن ہاؤسنگ سکیموں کے مالکان قانونی دستاویزات مکمل کر چکے ہیں انہیں زمین کا قبضہ دے دیا گیا ہے۔ آر ڈی اے عوام الناس کی معلومات کے لیے وقتاً فوقتاً پریس ریلیز جاری کرتا رہتا ہے۔ شہریوں کو چاہیے کہ وہ غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں میں سرمایہ کاری نہ کریں اور آرڈی اے کی ویب سائٹ www.rda.gop.pk پر جاننے کی درخواست کی ہے اور مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ صرف منظور شدہ ہاؤسنگ سکیموں سے خرید و فروخت کریں۔ حکام کے مطابق اس سے قبل مذکورہ ہاؤسنگ سکیموں کے مالکان اور اسپانسرز کو نوٹسز جاری کیے گئے تھے اور غیر قانونی اشتہارات، بکنگ اور ڈویلپمنٹ روکنے کے لیے ایف آئی آر درج کرائی گئی تھیں۔ ان جائیدادوں کے مالکان قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے بکنگ آفس چلا رہے تھے۔ آپریشن ٹیم میں ایس پی صدر راولپنڈی جناب نبیل، اے ایس پی صدر راولپنڈی زینب قیوم، اسسٹنٹ ڈائریکٹر بلڈنگ کنٹرول آر ڈی اے، اسسٹنٹ ڈائریکٹر پلاننگ آر ڈی اے، تھانوں کے ایس ایچ اوز، آر ڈی اے سکیم/ بلڈنگ انسپکٹرز، ضلع کونسل کے انسپکٹر، ضلعی انتظامیہ کے نمائندے سمیت دیگر ٹیم کے ارکان نے مشترکہ طور پر گرینڈ آپریشن کیا۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔