اسلام آباد(ٹی این ایس)اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی فلسطینی سفیر احمد جواد ربیع سے ملاقات ،فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی

 
0
52

اسلام آباد (عدنان حمید) : اسپیکر قومی اسمبلی و سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ غزہ اور ملحقہ علاقوں میں فلسطینی مردوں، عورتوں، بچوں اور بزرگوں کی نسل کشی قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی غیر انسانی مظالم بین الاقوامی قوانین کے سراسر خلاف اور جنگی جرائم کے مترادف ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ دنیا کے تمام ممالک کو انسانی تاریخ کے بدترین مظالم پر خاموش تماشائی نہیں بننا چاہیے، اور فوری طور پر صہیونی طاقتوں کے ظلم و بربریت کو روکنے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور او آئی سی کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ فلسطین کے حل میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج اسلام آباد میں فلسطین کی سفارت خانے کے دورے کے موقع پر کیا۔

ترجمان قومی اسمبلی کے مطابق ، اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستانی عوام، پارلیمنٹ اور پاکستان کی حکومت فلسطینی کاز پر اپنا غیر متزلزل حمایت جاری رکھیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بے نظیر بھٹو ہمیشہ اس عظیم مقصد کے لیے ثابت قدم رہیں اور ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ہم فلسطینی عوام کو اس وقت تک تنہا نہیں چھوڑیں گے جب تک فلسطینی عوام کا آزاد ریاست کا مطالبہ پورا نہیں ہوجاتا ۔

انہوں نے فلسطینیوں کے ساتھ کھڑے ہونے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مریضوں اور پناہ گزین کیمپوں میں مقیم نہتے لوگوں کی امداد روکنا بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے .اسپیکر نے انسانی حقوق کے علمبرداروں کی طرف سے اسرائیلی جارحیت کے حوالے سے دکھائے جانے والے “دوہرے معیار” پر برہمی کا اظہار کیا۔

اسپیکر نے فلسطینی عوام کی ہمت اور قربانیوں کو بھی سراہا جن میں بچے بھی شامل ہیں جو ثابت قدمی اور غیر متزلزل جذبے کے ساتھ ظلم کے خلاف مزاحمت کر رہے ہیں۔

پاکستان میں تعینات فلسطینی سفیر احمد جواد ربیع نے مشکل کی اس گھڑی میں فلسطین کے سفارت خانے کا دورہ کرنے اور فلسطین کی غیر متزلزل حمایت کرنے پر اسپیکر کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح سے لے کر سیاسی جماعتوں کی موجودہ قیادت نے ہمیشہ فلسطینیوں کی حمایت کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام اور اس کی قیادت کے جذبات نے ہر فلسطینی کو بہادری اور حوصلے سے نوازا ہے۔

اسپیکر نے فلسطینی سفارتخانے کی تعزیتی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کیے، جس میں فلسطینی عوام اور ان شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا جو اسرائیل کے بے رحمانہ حملوں میں المناک طور پر اپنی جانیں گنوا بیٹھے ہیں ۔ انہوں نے اس جنگ میں فلسطینی عوام کی کامیابی کیلئے دعا بھی کی ۔