اسلام آباد(ٹی این ایس)سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی قیصر شریف نے اسلام آباد حکام کی جانب سے غزہ مارچ کے منتظمین کی گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہوئے اسے شرمناک قرار دیا ہے۔

 
0
58

منصورہ سے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس نے امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نصر اللہ رندھاوا سمیت بڑی تعداد میں کارکنان کو گرفتار کیا ہے اور یہ عمل امریکی سفارت خانہ کے سامنے غزہ مارچ کے انعقاد سے ایک روز قبل کیا گیا۔ انتظامیہ کا فلسطین کی حمایت کرنے والوں پر تشدد سمجھ سے بالاتر ہے۔ اسلام آباد انتظامیہ اوچھے ہتھکنڈوں سے غزہ مارچ نہیں روک سکتی، غزہ مارچ کل امریکی سفارت خانے کے سامنے شیڈول کے مطابق ہو گا۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق اتوار کو دو بجے غزہ مارچ کی قیادت کریں گے۔ غزہ مارچ میں مرد و خواتین اور بچے بڑی تعداد میں شریک ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت امریکی غلامی کی بجائے 24 کروڑ عوام کے جذبات کی ترجمانی کرے، پاکستانیوں کے دل فلسطینیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا غزہ مارچ روکنے کی کوشش کی گئی تو پورے شہر میں احتجاج ہو گا۔ حکمران امریکی خوشنودی کے لیے پرامن احتجاج کی راہ میں رکاوٹ ڈال رہے ہیں۔ امریکا بے گناہ فلسطینیوں کے قتل عام میں برابر کا شریک ہے۔ دہشت گرد اسرائیل کو امریکا کی پشت پناہی حاصل ہے۔
جاری کردہ
مرکزی شعبہ نشرواشاعت جماعت اسلامی