مٹھی(ٹی این ایس) بلاول بھٹو نے ن لیگ کو پاکستان مہنگائی لیگ قرار دے دیا

 
0
188

 پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ الیکشن کے نتائج پہلے سے کمرے میں بیٹھ کر تیار کرنے اور پی ٹی آئی کی طرح جیت کے خواب دیکھنے والی پاکستان مہنگائی لیگ کو عوام 8 فروری کو شکست کی صورت میں جواب دیں گے۔مٹھی میں عوامی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ کچھ قوتیں آج بھی ملک میں تقسیم کی سیاست چاہتی ہیں تاکہ عوام آپس میں متحد نہ ہوسکیں، پاکستان پیپلزپارٹی تقسیم کی سیاست کرنے والی قوتوں کے خلاف جدوجہد کررہی ہے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے عوام کو متحدہ کرنے اور بلا رنگ و نسل خدمت کی سیاست کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ انشا اللہ عام انتخابات میں عوامی حکومت بنے گی، ہم اشرافیہ کو نہیں بلکہ عوام کو ریلیف دینے کیلیے اقدامات کریں گے۔ حکومت میں آنے کے بعد بے نظیر انکم سپورٹ کی طرح ہاری کارڈ بھی بنائیں گے تاکہ کسانوں کو کھاد، بیچ کے حوالے سے مدد فراہم کرسکیں جبکہ بے روزگاری کے حوالے سے بھی ایک کارڈ بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بالخصوص مودی سرکار اور دنیا بھر میں پاکستان مخالف پروپیگنڈا کرنے والوں کو جواب دینے کے لیے تھرپار کے جیالے ہی کافی ہیں، ایسی طاقتوں کو پاکستان پیپلزپارٹی بہت اچھی طرح سے ہینڈل کرتی ہے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ ابھی انتخابی شیڈول کا اعلان نہیں ہوا مگر جس جوش و جذبے سے عوام نے آج کے جلسے میں شرکت کی اس سے تھرپارکر کا فیصلہ ہوگیا ہے، 8 فروری کو انشا اللہ تھرپار کر سے تیر، پیپلزپارٹی اور عوام کی جیت ہوگی