گڑھی خدا بخش (ٹی این ٰایس) پانچ سال میں تنخواہ دگنی،غریبوں کیلئے مفت سولر، بلاول نے 10 نکاتی منشور جاری کر دیا

 
0
106

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ہم الیکشن سے ڈرنے والے نہیں، مقابلہ کرنے والے ہیں، اس بار بھی ہم ڈٹ کے مقابلہ کریں گے اور جیتیں گے، قائدین کو دفن کیا، اس وقت بھی الیکشن لڑنے کے لیے تیار تھے، الیکشن کرا، دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہوجائے گا، پاکستان کے عوام تیر پر مہر لگا کر منہ توڑ جواب دیں گے، آج بھی کچھ لوگ کسی کے کندھے پر بیٹھ کرسیاست کرنے کی کوشش کررہے ہیں، ہم وہ نہیں جو ڈیل کرتے ہیں وہ نہیں جو مخالفین کے کاغذات چھینتے ہیں۔گڑھی خدابخش میں سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو شہید کی 16ویں برسی پر پیپلزپارٹی کا جلسہ جاری ہے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم بینظیر بھٹو کی 16ویں برسی منارہے ہیں، پیپلزپارٹی کے جیالے دنیا کو پیغام دے رہے ہیں، 16 سال پہلے کچھ قوتوں نے بینظیربھٹو کو شہید کیا، وہ سمجھتے تھے کہ بینظیر کو شہید کرکے قوم کی آواز دبا دیں گے۔بلاول بھٹو زرداری نے اپنے خطاب کے دوران نعرہ لگایا کہ تم کتنے بھٹو ماروں گے، ہر گھر سے بھٹو نکلے گا۔چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی واحد سیاسی جماعت ہے جو ملک کو بچاسکتی ہے، پیپلزپارٹی نے کافی کامیابیاں حاصل کی ہیں، بینظیر بھٹو نے 30 سال جمہوریت کے لیے جدوجہد کی، ذوالفقارعلی بھٹو نے روٹی، کپڑا اور مکان کا نعرہ لگایا۔

انہوں نے مزید کہا کہ آصف زرداری نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام شروع کیا، آصف زرداری نے کہا کہ جمہوریت بہترین انتقام ہے، ایک ڈکٹیٹر کو نکال کر جمہوریت نے اپنا انتقام لیا۔بلاول بھٹو نے کہا کہ آج پاکستان کے عوام تکلیف میں ہیں، وقت آگیا ہے کہ ایک بار پھر پیپلزپارٹی کی حکومت بنائیں، ملک میں غریبوں کا راج قائم کرنا ہوگا، صرف عوامی راج پاکستان کو مشکلات سے نکال سکتا ہے، غربت اور بے روزگاری تاریخی سطح پر پہنچ چکی ہے، ملکی مسائل کا حل قائد عوام کے منشور میں موجود ہے۔

سابق وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ ہم 3 نسلوں سے بے روزگاری اور غربت کا مقابلہ کررہے ہیں، پیپلز پارٹی کا مقابلہ کسی سیاسی جماعت سے نہیں، پیپلزپارٹی کا مقابلہ مہنگائی، غربت اور بے روزگاری سے ہے، موقع ملاتو عوام کے مسائل کو کم کرکے دکھائیں گے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ پیپلزپارٹی وفاق کی جماعت ہے، تمام صوبوں کی نمائندگی کرتی ہے، ہم الیکشن کو الیکشن اور مقابلہ سمجھتے ہیں، ہم الیکشن سے ڈرنے والے نہیں، مقابلہ کرنے والے ہیں، اس بار بھی اہم ڈٹ کے مقابلہ کریں گے اور جیتیں گے، قائدین کو دفن کیا، اس وقت بھی الیکشن لڑنے کے لیے تیار تھے، الیکشن کرا، دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہوجائے گا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان کیعوام تیر پر مہر لگا کر منہ توڑ جواب دیں گے، آج بھی کچھ لوگ کسی کے کندھے پر بیٹھ کر سیاست کرنے کی کوشش کررہے ہیں، شہید عوام نے کہا تھا کہ طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں۔پرانے سیاستدان پرانی سیاست کرتے ہیں، یہ ماضی کی سیاسی جماعتیں اور ماضی کے سیاست دان ہیں، مستقبل آپ کا ہے، پرانی سیاست کو دفن کرکے الیکشن میں جائیں گے، 16 سال پہلے یہ سفر شروع کیا تھا، اس وقت میں 19سال کا تھا، آپ نے مجھے پیپلزپارٹی کا چیئرمین بنایا۔ ہر مشکل وقت میں ہم نے جمہوریت کے لیے جدوجہد کی، تمام سیاسی جماعتوں کو ایک کرکے سلیکٹڈ حکومت کا مقابلہ کیا، جمہوریت کو بحال کرنے اور دہشت گردی کے مقابلے کے لیے مشترکہ حکومت بنائی، 18ماہ ان کے ساتھ حکومت کی، خارجہ سطح پر کام کرکے دکھایا، معیشت، دہشت گردی اور جمہوریت میں اتحادیوں کی دلچسپی نہیں تھی۔

ہم نے فیصلہ کرلیا ہے کہ ہمارا اور ان کا راستہ الگ ہے، پیپلزپارٹی اپنے بل بوتے پر تیر کے نشان پر لڑے گی، ہم کبھی کسی امتحان سے پیچھے نہیں بھاگے، اس کا مقابلہ کرنے کے لیے سنجیدگی کی ضرورت ہے، آپس کی لڑائی چھوڑ کو حقیقی مسائل پر توجہ دینی ہوگی۔پرانے سیاست دان آج بھی تقسیم اور نفرت کی سیاست کررہے ہیں، ایک جیل سے نکلنے کے لیے الیکشن لڑرہا ہے تو دوسرا جیل سے بچنے کے لیے، کوئی جیل جائے یا نہیں،عوام کو اپنے مسائل کا حل چاہیئے۔10نکات پرعملدرآمد کرلیں توتمام مسائل کا حل نکال سکتے ہیں،بلاول بھٹو پیپلزپارٹی حکومت کی پہلی ترجیح تنخواہوں کو5سال میں دگناکرناہوگا۔