اسلام آباد(ٹی این ایس) ایک مسلم ملک کا پاسپورٹ 2024 کی پہلی سہ ماہی کیلئے دنیا میں سب سے طاقتور قرار

 
0
75

ایک مسلم ملک کے پاسپورٹ کو 2024 کی پہلی سہ ماہی کے دوران دنیا میں سب سے طاقتور سفری دستاویز قرار دیا گیا ہے۔ آرٹن کیپیٹل کی جانب سے جاری دنیا کے طاقتور ترین پاسپورٹس کی فہرست میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کا نام سرفہرست رہا۔ یو اے ای کا پاسپورٹ رکھنے والے افراد ویزا لیے بغیر 180 ممالک کا سفر کرسکتے ہیں۔

یو اے ای کے بعد جرمنی، اسپین، فرانس، اٹلی اور نیدرلینڈز مشترکہ طور پر دوسرے نمبر پر رہے ان ممالک کے شہریوں کو 178 ممالک میں جانے کے لیے ویزے کی ضرورت نہیں۔

2023 کیلئے دنیا کے طاقتور ترین پاسپورٹس میں پاکستان کا نمبر کیا ہے؟

سوئیڈن، فن لینڈ، لگسمبرگ، آسٹریا اور سوئٹزر لینڈ کے پاسپورٹس کے حصے میں تیسرا نمبر آیا جن کے حامل افراد 177 ممالک کا سفر ویزے کے بغیر کرسکتے ہیں۔ڈنمارک، بیلجیئم، پرتگال، پولینڈ، آئرلینڈ اور جنوبی کوریا کے پاسپورٹس پر 176 ممالک کا سفر ویزے کے بغیر کرنا ممکن ہے اور یہ فہرست میں مشترکہ طور پر چوتھے نمبر پر ہیں۔

5 واں نمبر مشترکہ طور پرسنگاپور، یونان، چیک ریپبلک، برطانیہ، ہنگری، جاپان اور نیوزی لینڈ کے نام رہا جن کے شہری 175 ممالک میں پاسپورٹ دکھا کر ویزے کے بغیر داخل ہوسکتے ہیں۔اس فہرست میں پاکستان کمزور ترین پاسپورٹ رکھنے والا 5 واں ملک قرار پایا جو مجموعی طور پر 94 ویں نمبر پر موجود ہے۔

پاکستانی پاسپورٹ پر 47 ممالک میں ویزا فری سفر یا ویزا آن ارائیول کی سہولت دستیاب ہے۔پاکستان سے نیچے صومالیہ (95 ویں نمبر پر)، عراق (96 ویں نمبر پر) افغانستان (97 ویں نمبر پر) اور شام (98 ویں نمبر پر) موجود ہیں۔ اس کے مقابلے میں یمن (93 ویں)، بنگلا دیش (92 ویں)،لیبیا اور فلسطین (91 ویں) ، سوڈان، Eritrea اور ایران (90 ویں نمبر پر) پاکستان کے مقابلے میں زیادہ طاقت ور پاسپورٹ قرار پائے۔