اسلام آباد(ٹی این ایس) وفاقی کابینہ کی جان بچانے والی 146 ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری

 
0
41

نگراں وفاقی کابینہ نے 146 جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دے دی جبکہ نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے ادویات کی اسمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کردی۔ نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت نگران وفاقی کابینہ اجلاس ہوا۔

وفاقی کابینہ نے وزارتِ خزانہ کی سفارش پر پاکستان اور چین کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنے کی منظوری دے دی، اس مفاہمتی یادداشت کے تحت دونوں ممالک میں معلومات کے تبادلے و تکنیکی استعداد میں اضافہ ہو گا۔

نگراں وفاقی کابینہ نے وزارت خارجہ کی سفارش پر پاکستانی ماہرِ نفسیات محمد سلیم خان ترین کے لیے شعبہ نفسیات میں ان کی خدمات کے اعزاز میں برطانیہ کے بادشاہ چارلس کی جانب سے ممبر آف برٹش ایمپائر کا ایوارڈ وصول کرنے کی اجازت دے دی۔

وفاقی کابینہ نے ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کو اٹلی کی جانب سے دیے گئے گولڈ میڈل فار ایروناٹیکل میرٹ کو وصول کرنے کی اجازت دے دی، حکومت اٹلی نے یہ اعزاز ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی قیادت میں اٹلی اور پاکستان کی فضائیہ کے مابین بڑھتے ہوئے تعاون کی خدمات کے اعتراف میں دیا۔

وفاقی کابینہ نے وزارتِ قومی صحت کی سفارش پر ہارڈشپ کیٹگری کے تحت عالمی منڈی میں خام مال کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کو مدِنظر رکھتے ہوئے 146 انتہائی ضروری جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دے دی۔وزارت قومی صحت اور ڈریپ کی جانب سے اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ ڈریپ کے آن لائن پورٹل کے ذریعے شہری مارکیٹ میں ادویات کی عدم دستیابی کے حوالے سے شکایات درج کروا سکتے ہیں۔

نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے اجلاس کے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت عام آدمی کو ادویات کی مناسب قیمت پر فراہمی کے حوالے سے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے، حکومت ایسی پالیسیز مرتب کررہی ہے جس کا فائدہ عام آدمی اور فارماسیوٹیکل کی صنعت کو بھی پہنچے۔

نگراں وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان کی کارکردگی مزید بہتر بنانے کے حوالے سے تجاویز مرتب کی جائیں۔
انوار الحق کاکڑ نے تاکید کی کہ ادویات کی اسمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف کارروائیاں تیز کی جائیں۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ادویات کی قیمتوں کی ڈی ریگولیشن کے حوالے سے ضروری قانون سازی کے لیے سفارشات مرتب کی جائیں تاکہ آئندہ منتخب حکومت ان سفارشات کو پارلیمنٹ میں پیش کر سکے۔وفاقی کابینہ نے کمیٹی برائے توانائی کے26 جنوری 2024 کے اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کردی جبکہ لیجسلیٹو کیسز کے 26 اور31 جنوری 2024 کے اجلاسوں میں کیے گئے فیصلوں کی توثیق کردی گئی۔