لاہور(ٹی این ایس) پنجاب پولیس میں11 ہزار کانسٹیبل بھرتی کرنے کی منظوری

 
0
94

 آئی جی پنجاب پولیس نے 11 ہزار کانسٹیبل بھرتی کرنے کا اعلان کردیا اور کہا ہے کہ بھرتیوں کی منظوری مل گئی تمام بھرتیاں صرف میرٹ پر ہوں گی۔
آئی جی پنجاب پولیس عثمان انور نے اس حوالے سے پنجاب پولیس کے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر ویڈیو بیان جاری کردیا جس میں انہوں نے کہا ہے کہ پنجاب پولیس کو 11 ہزار کانسٹیبل بھرتی کرنے کی اجازت مل گئی ہے بھرتیاں صرف میرٹ پر ہوں گی اور بہادر و فرض شناس جوان ہی بھرتی کے عمل کا حصہ بنیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پولیس میں بھرتی کے لیے اپلائی کرنے والے تمام امیدواران اپنی پولیس ویری فکیشن لازمی کروائیں، چھوٹے شہروں اور گاؤں میں شریکہ، برادری اور جھوٹی گواہی کی بنیاد پر اکثر و بیشتر لڑائی جھگڑا ہو جاتا ہے، ان چھوٹے واقعات کی بنیاد پر اکثر اوقات بے گناہ لوگوں کو ایف آئی آر میں نامزد کر دیا جاتا ہے۔
آئی جی پنجاب نے کہا کہ پولیس بھرتی کے خواہش مند نوجوان اپلائی کرنے کے ساتھ اپنا ویری فیکیشن سرٹیفیکیٹ لازمی حاصل کر لیں جو کسی بھی پولیس خدمت مرکز سے باآسانی حاصل کیا جا سکتا ہے اس سرٹیفیکیٹ کی بدولت امیدوار کو اپنے پولیس ریکارڈ کی کلیئرٹی کے بارے میں آگاہی حاصل ہوجاتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ یہ سرٹیفکیٹ اس لیے ضروری ہے کہ بعض اوقات بھرتی کے آخری مرحلے پر امیدوار کے کرمنل ریکارڈ کا پتا چلتا ہے جسے کلئیر کروانے میں امیدواروں کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے، امیدواروں سے درخواست ہے کہ خدمت مرکز سے کلیرنس سرٹیفیکیٹ حاصل کرکے اپنی دستاویزات کے ساتھ جمع کروائیں۔
آئی جی پنجاب عثمان انور نے مزید کہا کہ اگر کسی نوجوان کو کلیئرنس رپورٹ ملنے میں مشکل کا سامنا ہے تو وہ اسے عدالت کے ذریعے بھی کلئیر کروا سکتا ہے۔