اسلام آباد(ٹی این ایس) پیپلزپارٹی کے پی ٹی آئی کے ساتھ بیک ڈور رابطے

 
0
29

پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت نے پاکستان تحریک انصاف کی سینئرقیادت سے بیک ڈور رابطے کر کے حکومت قائم کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تاہم سابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سےتاحال مثبت جواب نہ آنے کی وجہ سے ڈیڈلاک برقرار ہے۔
تفصیلات کے مطابق شہباز شریف کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرنے کے بعد بھی پیپلزپارٹی کی طرف سے پی ٹی آئی کی قیادت کو پیغامات بھجوائے گئے تھے تاہم ڈیڈلاک تاحال برقرار ہے۔
پیپلز پارٹی کی قیادت نے سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور پاکستان تحریک انصاف کے نو منتخب رکن قومی اسمبلی لطیف کھوسہ کے ذریعے دونوں جماعتوں کے درمیان دوریاں ختم کرنے کی کوشش کی۔
تحریک انصاف کے رہنماؤں نے اس حوالے سے پیپلزپارٹی کو پیغام دیا ہے کہ یہ معاملہ ان کے اختیار میں نہیں ہے، پارٹی کے تمام سیاسی فیصلے سابق وزیراعظم عمران خان ہی کرتے ہیں۔
سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے بھی پیپلزپارٹی کی جانب سے رابطہ کاری پر سابق وزیراعظم عمران خان کو آگاہ کیا ہے۔
جمعرات کو اڈیالہ جیل میں ہونے والی ملاقات میں سابق وزیراعظم عمران خان نے ان تمام سیاسی جماعتوں سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی ہے جو موجودہ انتخابات نتائج تسلیم کرنے سے انکاری ہیں تاہم پیپلزپارٹی کے ساتھ ڈیڈلاک تاحال برقرار ہے۔
پی ٹی آئی سیکرٹری اطلاعات روف حسن نے منگل کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ عمران خان نے مسلم لیگ ن، پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم کے علاوہ تمام جماعتوں سے مذاکرات کرنے کا کہا ہے۔