لاہور(ٹی این ایس) سابق کمشنر کے الزامات: ’یہ ریاست، سیاست اور فوج کے خلاف سازش ہے،نگران حکومت کارروائی کرے،ن لیگ

 
0
86

مسلم لیگ (ن )کے رہنما احمد خان نے کہا ہے کہ کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ کے بے بنیاد الزامات پاکستان کی سیاست، معیشت اور افواج پاکستان کے خلاف سازش ہے۔انھوں نے نگراں حکومت سے اس ’سازش‘ کے خلاف فوری کارروائی کرنے کی استدعا کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں ن لیگ کے رہنما عطا تارڑ اور عظمیٰ بخاری کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ملک احمد نے کہا کہ ’یہ انتشاری لوگ باز نہیں آ رہے ہیں اور انھوں نے نو مئی سے کوئی سبق نہیں سیکھا۔‘
احمد خان نے لیاقت علی چٹھہ کے انکشافات کے بارے میں کہا کہ ’یہ پاکستان کے ساتھ سخت زیادتی ہے اور یہ جو پراپیگنڈا کیا جا رہا ہے یہ بلاسبب نہیں ہے۔ یہ اسی سازش کی کڑی ہے، جو ہم پہلے ریاست اور سیاست کے خلاف دیکھ چکے ہیں۔‘احمد خان کے مطابق دوبارہ سے صورتحال خراب کی جا رہی ہے۔
ان کے مطابق تحریک انصاف کی تاریخ ہے وہ کسی بھی انتخابات کو تسلیم نہیں کرتی، چاہے وہ چار حلقوں کی بات ہو یا 35 پنکچر جیسے الزامات ہوں۔
احمد خان کے مطابق لیاقت علی چٹھہ کمشنر ہوتے ہوئے انتخابی عمل میں ’نان پارٹی‘ یعنی غیرمتعلقہ فرد ہیں کیونکہ کسی بھی ڈویژن کے کمشنر کا انتخابی عمل، ووٹوں کی گنتی یا نتائج کو جمع کرنے کے پورے عمل میں کوئی عمل دخل نہیں ہوتا۔
احمد خان کا کہنا تھا کہ سرکاری اہلکاروں کی تصاویر شیئر کی جا رہی ہیں اور اسی طرح کی مہم 9 مئی سے قبل بھی افواج پاکستان کے خلاف چلائی گئی تھی۔
احمد خان نے نگران حکومت سے کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔