آن لائن کیب سروسز کے خلاف جڑواں شہروں میں ٹیکسی یونین کا احتجاج

 
0
423

>اسلام آباد اگست20(ٹی این ایس) ٹیکسی یونین کی طرف سے احتجاج کی کال پر ٹیکسیاں سڑکوں پر چھوڑ کر ٹیکسی ڈرائیور اور مالکان ،  آن لائن کیب سروسز کے خلاف جڑواں شہروں میں سڑکوں پر نکل آئے جبکہ پولیس نے مظاہرین کو بنی گالہ جانے سے روک دیا جس کے بعد مظاہرین نے راول ڈیم چوک کو بلاک کردیا۔مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ فی الفور موبائل ٹیکسی سروس کو بند کیا جائے ۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں ٹیکسی یونین کی جانب سے اوبر اور کریم سمیت آن لائن کیب سروسز پر پابندی لگانے کے لیے مظاہرہ کیا جارہا ہے ۔ مظاہرین نے راول ڈیم چوک کوبلاک کردیا جس کے باعث مری اوراسلام آباد جانے والی سینکڑوں گاڑیاں پھنس گئیں۔ مظاہرین کی پولیس کے ساتھ تلخ کلامی  بھی ہوئی جبکہ ایکسپریس وے بند کرنے کی دھمکی کے بعد پولیس نے آنسوگیس کے شیل اور واٹر بائوزر بھی منگوا لئے۔احتجاج کے دوران مظاہرین نے ایک آن لائن ٹیکسی کو روک کر گاڑی کے شیشے توڑ دیے اور ڈرائیور کو تشدد کا نشانہ بنانے کی کوشش کی تاہم موقع پر موجود پولیس نے اسے بچایا۔ احتجاجی مظاہرین آن لائن کیب سروسز پر پابندی لگانے کا مطالبہ کررہے ہیں۔مظاہرین کاکہناتھاکہ وہ بھی تمام ٹیکسز وغیرہ ادا کررہے ہیں لیکن موبائل ٹیکسی سروس کی وجہ سے ان کا کاروبار متاثر ہے اور حکومت کی طرف سے بھی روایتی ٹیکسی کی بجائے آن لائن ٹیکسی سروسز کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے۔