قومی سلامتی کے اجلاس میں امریکی الزامات مسترد کردئے،ٹرمپ کے بیان پر اظہارِ تشویش، دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے کردار کو اجاگر کرنے کا فیصلہ

 
0
383

اسلام آباد : اگست 24 (ٹی این ایس) پاکستان نےامریکی الزامات مسترد اور صدر ڈونلڈٹرمپ کے پاکستان مخالف بیان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فیصلہ کیا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف  اسکی  بے لوث کوششوں اور قربانیوں کو دنیا کے سامنے رکھا جائے گا۔

جمعرات کواسلام آباد میں قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس  منعقد ہوا  جس کی صدارت وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کی۔ 5گھنٹے تک جاری رہنے والے اس اجلاس میں نئی امریکی پاک افغان پالیسی پر تفصیلی غور کیا گیا۔ کمیٹی نے امریکی الزامات کو مسترد کرتے ہوئے فیصلہ کیا کہ سفارتی سطے پردوست ممالک سمیت تمام فریقین کو اعتماد میں لیا جائے گا اور دہشتگردی کے خلاف پاکستان کی بے لوث کوششوں اور قربانیوں کو دنیا کے سامنے رکھا جائے گا۔

اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ دہشتگردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے تمام ممکنہ وسائل استعمال کر رہے ہیں۔ اجلاس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے افغانستان سمیت خطے میں امن کیلئے بڑی قربانیاں دی ہیں، ہم اپنی سر زمین کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہ کرنے کے عزم پر قائم ہیں، وزیراعظم نے کمیٹی کو اپنے دورہ سعودی عرب کے بارے میں بھی اعتماد میں لیا۔