ڈی جی نیب سندھ اسمبلی کی استحقاق اور قواعد و ضوابط سے متعلقہ قائمہ کمیٹی کےسامنے پھر پیش نہ ہوئے

 
0
387

کراچی : اگست 24 (ٹی این ایس)  سندھ اسمبلی کی استحقاق اور قواعد و ضوابط سے متعلقہ قائمہ کمیٹی میں ڈی جی نیب سندھ کے ایک مرتبہ پھر پیش نہ ہونے پر کمیٹی کے چیئرمین نے معاملے سے چیئرمین نیب کو تحریری طور پر آگاہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔سندھ اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قواعد و ضوابط کا اجلاس جمعرات کو سندھ اسمبلی بلڈنگ میں چیئرمین نثار احمد کھوڑو کی صدارت میں منعقد ہوا ۔اجلاس میں صوبائی وزیر قانون ضیا لنجار، ایڈووکیٹ جنرل سندھ،غلام قادر چانڈیو، اویس شاہ،خورشید جونیجو، لال چند اکرانی، ثمر علی خان ،پیر مجیب، سمیت دیگر نے شرکت کی ۔

ڈی جی نیب سندھ الطاف باوانی نوٹس کے باوجود تیسری مرتبہ بھی کمیٹی کے سامنے پیش نہیں ہوئے۔کمیٹی کے چیئرمین نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ ڈی جی نیب سندھ نوٹس کے باوجود کمیٹی کے سامنے پیش نہیں ہوئے ہیں۔انہیں ارکان سندھ اسمبلی کی نیتوں کی خرابی سے متعلق نجی ٹی وی پر ریمارکس کے حوالے سے وضاحت کا موقع دینا چاہتے ہیں ۔اس موقع پر کمیٹی کے رکن اویس شاہ نے کہا کہ اگر نیب کسی کو تین مرتبہ نوٹس دے کر بلاتا اور کوئی نیب میں پیش نہیں ہوتا تو نیب ضرور یکطرفہ فیصلہ کردیتا ۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے نثار کھوڑو نے کہا کہ کمیٹی نے ڈی جی نیب کی عدم شرکت پر نیب چیئرمین کو خط لکھ کر آگاہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ نیب چیئرمین کو تحریری طور پر آگاہ کیا جائے گا کہ وہ اگلے اجلاس میں ڈی جی نیب کی شرکت یقینی بنائیں۔ اگر نیب چیئرمین کو لکھنے کے باوجود اگلے اجلاس میں ڈی جی نیب نے شرکت نہیں تو کمیٹی یکطرفہ فیصلہ کرے گی۔ ڈی جی نیب اگر کمیٹی میں پیش نہیں ہوں گے تو قائمہ کمیٹی ان کو سزا کے طور پر 6 ماہ جیل بھیج سکتی ہے۔انہوںنے کہا کہ ڈی جی نیب کو سننے کا موقع دینا چاہتے ہیں۔ پھر ایسا نہ ہو کہ یکطرفہ فیصلے کے بعد یہ کہا جائے کہ ان کو سنا نہیں گیا۔کمیٹی کا اگلا اجلاس عید کے بعد ہوگا۔