پاکستان نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں مہمان ٹیم ویسٹ انڈیز کو شکست دے کرسیریز جیت لی

 
0
282

کراچی، اپریل 03 (ٹی این ایس):  پاکستان کرکٹ ٹیم نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں مہمان ٹیم ویسٹ انڈیز کو 82 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-2 کی ناقابل شکست برتری حاصل کرلی۔

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان سیریز کا دوسرا میچ کل کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 205 رنز بنائے، بابر اعظم 97 اور حسین طلعت 63 رنز بناکر نمایاں رہے۔

یہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کی تاریخ میں پاکستان کا سب سے بڑا مجموعہ ہے جبکہ بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سب سے بڑا مجموعہ 263 رنز ہے جو آسٹریلیا نے 6 ستمبر 2016 کو پالی کیلے میں سری لنکا کے خلاف بنایا تھا۔

ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم 19.2 اوورز میں 123 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی اور یوں پاکستان نے یہ میچ 82 رنز سے جیت لیا۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے چیڈوک والٹن 40 اور دنیش رام دین 21 رنز بناکر نمایاں رہے جبکہ پاکستان کے فاسٹ بولر محمد عامر نے 3، شاداب خان اور حسین طلعت نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔حسن علی اور محمد نواز کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔بابر اعظم کو 97 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

پاکستان کو تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز میں دو صفر کی ناقابل شکست برتری حاصل ہوگئی ہے، پہلے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 143 رنز سے شکست دی تھی۔سیریز کا تیسرا میچ آج نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔

پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز فخر زمان اور بابر اعظم نے کیا تاہم فخر زمان لمبی اننگز نہ کھیل سکے اور صرف 6 رنز بناکر ایمرٹ کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ اس وقت پاکستان کا مجموعی اسکور صرف 11 رنز تھا۔بابر اعظم اور حسین طلعت نے دوسری وکٹ پر 119 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی اور دونوں نے اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں۔یہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں حسین طلعت کی پہلی جبکہ بابر اعظم کی چوتھی نصف سنچری ہے۔پاکستان کو دوسرا نقصان 130 کے مجموعی اسکور پر اٹھانا پڑا جب حسین طلعت 63 رنز بناکر کیچ آؤٹ ہوگئے۔پاکستان کی تیسری وکٹ اس وقت گری جب آصف علی 14 رنز بناکر ولیمز کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔