ایشین کلچرل ایسوسی ایشن آف پاکستان نے اپنی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے پنجاب ادارہ برائے زبان فن تے ثقافت ( پلاک ) کے اشتراک سے جشن عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سلسلے میں مشہور و معروف قوال و گلوکار طاہر مہدی کے ساتھ ایک عقیدت بھری “قوالی نائٹ ” کا اہتمام پنجاب آڈیٹوریم پنجابی کمپلیکس قذافی سٹیڈیم فیروز پور روڈ لاہور میں کیا گیا – جس میں ملک کی نامور شخصیات اور عوام نے بھرپور شرکت کر کےقوالی نائٹ کو چار چاند لگا دیئے – قوالی نائٹ کا آغاز باری تعالٰی کے پاک نام سے کیاگیا – کمپیئرنگ کے فرائض لیونگ لیجنڈ جرنلسٹ ، اینکر شکیل زاہد نے بڑے احسن انداز میں انجام دیئے – انہوں نے بڑے شاندار الفاظ میں طاہر مہدی کا کا تعارف پیش کیا –
شکیل زاہد نے کہا کہ طاہر مہدی لیجنڈ گلوکار پرویز مہدی کے شاگرد خاص ہیں اور وہ شہنشاہ غزل مہدی حسن کے شاگرد خاص تھے – انڈیا کے دلیر مہدی بھی پرویز مہدی کے شاگرد تھے – جس طرح طاہر مہدی نے اپنے نام کے ساتھ اپنے استاد کا نام نامی لگا کر پرویز مہدی کو خراج عقیدت پیش کیا ہے – جب اور جہاں پر ملک اور بیرون ملک کرتا ہے اور کرے گا تو اسکی فنکارانہ صلاحیت کی وجہ سے پرویز مہدی کا نام امر ہو جائے گا –
آج جشن عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سلسلے میں ایسے شخص کو چنا گیا ہے جو اولیاء کرام سے والہانہ محبت اور اہلبیت علیہ السلام سے گہری عقیدت رکھتا ہے – طاہر مہدی نے غزل ،گیت سے اپنے فن کا آغاز کیا پھر قوالی میں اپنے فن کا لوہا منوانے کیلئے ایک پارٹی تشکیل دی اور مللک اور بیرون ملک قوالی پیش کر کے بے پناہ داد وصول کی – طاہر مہدی کو قدرت نے سریلی آواز اور خوبصورت انداز سے نوازا ہے – آپ صحافی بھی ہیں اور عاشق رسول اور اہلبیت علیہ السلام ہیں – قوالی نائٹ کے آرگنائزر پیر سید سہیل بخاری چئیرمین ایوارڈزکمیٹی کا تعارف شکیل زاہد نے بڑے شاندار اور اعلٰی الفاظ میں کرواتے ہوئے بتایا کہ پیر سید سہیل بخاری کا تعلق پاکستان کی ایک بہت بڑی مذہبی فیملی سے ہے آپ حضرت سید عزیزالدین پیر مکی رحمۃاللہ علیہ لاہور کی اولاد پاک سے ہیں اور گدی نشین حضرت سید پیر چشتی اولیاء سخی سرکار مکی رحمتہ اللہ علیہ چشت نگر مناواں لاہور ہیں – اور 42 ، سال سے فن وثقافت آرٹ کے فروغ کے ساتھ ساتھ زندگی کے ہر شعبہ سے نمایاں افراد و شخصیات کی پذیرائی کیلئے اور انکی اعلٰی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے ایشین ایوارڈز ، ایشین ایکسی لینس پرفارمنس ایوارڈز اور پاکستان میں پہلی مرتبہ الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا سے وابستہ افراد و شخصیات کو انکی اعلٰی کارکردگی پر ایشین میڈیا اینڈ بزنس ایوارڈز کا 7 ،سال قبل آغاز کیا – پیر سید سہیل بخاری کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ زندگی کے ہر شعبہ سے وابستہ افراد و شخصیات کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے “اعتراف فن “اور “اعتراف خدمت ” کی بھی تقریبات کے بانی ہیں یہی نہیں بلکہ دنیا سے رخصت ہونے والی شخصیات کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے تعزیتی ریفرنس کا انعقاد بھی کیا جاتا ہے اور یہ بے لوث خدمات سر انجام دیتے ہیں – پیر سید سہیل بخاری نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ عقیدت بھری اور پرنور تقریب جشن عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سلسلے میں پنجاب ادارہ برائے زبان فن تے ثقافت( پلاک ) کے اشتراک سے منعقد کی جارہی ہے – پیرسیدسہیل بخاری نے کہا کہ محبوب خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی آمد کا جشن منایا عین عبادت ہے اور اس ماہ مقدس کو بڑی عقیدت و احترام سے منانا چاہیے – سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پوری انسانیت کیلئے مثالی نمونہ ہے – اس پر عمل کر کے ہر انسان کامیابیاں سمیٹ سکتا ہے – حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے انسانوں کو دستور دیا – باری تعالٰی نے اپنے پیارے محبوب نبی آخر الزماں سید المرسلین خاتم النبیین سیدنا محمد مصطفٰی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو اس روئے زمین پر بھیجنے سے پہلے اتنی تشہیر فرمائی – آسمانی صحیفے ، کتابیں اور پیغمبر بھیجے جو آپکی آمد کا اعلان کرتے رہے – حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات پر ایمان لانا ہر مسلمان پر فرض ہے – قوالی نائٹ کے مہمان خصوصی لیونک لیجنڈ اداکار راشد محمود ، پیر سید سہیل بخاری ، جعفر بن یار جوائنٹ سیکرٹری لاہور پریس کلب، پیر ڈاکٹر سید ناصر شاہ سجادہ نشین حضرت سید پیر چشتی اولیاء سخی سرکار مکی رحمتہ اللہ علیہ چشت نگر مناواں لاہور ، معروف پروموٹر تجمل ظہور بالم بٹ ، اداکار شاہد خان ،اداکار طاہر نوشاد ، چوہدری امجد علی میتلا ، جاوید بھٹی ، جمیل ملک ، سید جہاں زہب ، دستگیر ملک ، تصور حسین ، راشد علی شاہ ،ممتاز شاعر اعجاز فیروز اعجاز اور دیگر شخصیات نے پھولوں کے ہار پہنا کر طاہر مہدی کی پذیرائی کی اور دستار بندی بھی کی گئی – لیونگ لیجنڈ اداکار راشد محمود نے کہا کہ پیرسیدسہیل بخاری “ون مین آرمی ‘ ہیں یہ اپنے مزاج کا اعلٰی انسان ہے اس نے جو بھی کرنا ہوتا ہے کر گزرتا ہے – نفع نقصان کا قائل نہیں ہے – یہ اکیلا تن تنہا 42 ،سال سے فن وثقافت آرٹ اور زندگی کے ہر شعبہ سے نمایاں افراد و شخصیات کی پذیرائی کیلئے بے لوث خدمات سر انجام دے رہے ہیں میں پیر سید سہیل بخاری کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں اور حکومت سے اپیل کرتا ہوں کہ انکی خدمات کو حکومتی سطح پر تسلیم کیا جائے – لیونگ لیجنڈ اداکار راشد محمود نےطاہر مہدی کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ جس شخص کا شاگرد ہے میرا اسکے ساتھ گہرا تعلق تھا – اور طاہر مہدی نے اپنے استاد پرویز مہدی کا نام روشن کیا ہے اور وہ دن دور نہیں جب طاہر مہدی کانام چاروں طرف گونجے گا – مشہور و معروف گلوکار و قوال طاہر مہدی نے اپنے خطاب میں پیر سید سہیل بخاری کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت کے سلسلے میں میرا انتخاب کیا – جس انداز سے پیر سید سہیل بخاری ایونٹ آرگنائز کرنے کے ساتھ ساتھ فنکار کی پذیرائی کرتے ہیں اسکی مثال نہیں ملتی ہے – پیر سید سہیل بخاری ایک مخلص ، بے ضرر اور فنکاروں سے محبت کرنے والی پیاری شخصیت ہیں – فنکاروں کو عزت اور پذیرائی کرنے میں اکا کوئی ثانی نہیں ہے –
طاہر مہدی نے سب سے پہلے حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان میں گلہائے سلام پیش کیا – عوام کی پرزور فرمائش پر منقبت حضرت امام علی علیہ السلام پیش کر کے بے پناہ داد وصول کی – حاضرین محفل کی فرمائش پر کئی کلام پیش کئے اور ہال تالیوں سے گونجتا رہا – ایشین کلچرل ایسوسی ایشن آف پاکستان کی جانب سے طاہر مہدی کو ایشین ایکسی لینس پرفارمنس ایوارڈز اور ایشین میلوڈی ایوارڈز سے نوازا گیا – پیر سید سہیل بخاری نے ڈائریکٹر جنرل پلاک بینش فاطمہ ساہی کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ پنجاب کی ثقافت کے ساتھ ساتھ صوفیا کرام کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ہر قدم پر اپنا اور اپنے ادارے کا تعاون پیش کرنے میں عملی قدم اٹھاتی ہیں انکے ساتھ ڈاکٹر خاقان حیدر غازی ڈائریکٹر پروگرامز ، ڈاکٹر عاصم چوہدری ڈائریکٹر ایڈمن اور شفاعت عباس ڈپٹی ڈائریکٹر آرٹ اینڈ کلچر پیش ہیں – عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سلسلے میں قوالی نائٹ کے موقع پر پنجاب آڈیٹوریم پنجابی کمپلیکس قذافی سٹیڈیم فیروز پور روڈ لاہور کھچا کھچ بھرا ہوا تھا اور شائقین قوالی آخر دم تک براجمان رہے –