اسلام آباد: سپریم کورٹ نے مخصوص نشستوں سے متعلق فیصلے کی دوسری وضاحت جاری کردی جس میں کہا ہے کہ الیکشن کمیشن سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد کا پابند ہے۔
تفصیلات کے مطابق مخصوص نشستوں کے فیصلے سے متعلق سپریم کورٹ نے دوسری وضاحت جاری کردی اور کہا ہے کہ دوسری وضاحت الیکشن کمیشن کے مانگنے پر جاری کی گئی۔
دوسری وضاحت دو صفحات پر مشتمل ہے جس میں سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ الیکشن ایکٹ میں کی گئی ترمیم کے ماضی سے اطلاق کرکے سپریم کورٹ کے 12 جولائی کے فیصلے کو بے اثر نہیں کیا جاسکتا۔
سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ عدالتی مختصر حکم نامے کے بعد الیکشنز ایکٹ میں کی گئی ترامیم کا فیصلے پر کوئی اثر نہیں ہوگا، الیکشن کمیشن سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد کا پابند ہے۔اکثریتی ججز نے اپنی وضاحت الیکشن کمیشن کو بھجوانے کا حکم دے دیا۔