اسلام آباد (آئی پی ایس )چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی خصوصی دعوت پر روسی فیڈریشن کی فیڈریشن کونسل کی فیڈرل اسمبلی کی چیئر پرسن ویلنٹینا ماٹویینکو 27 اکتوبر سے 29 اکتوبر 2024 تک پاکستان کا دورہ کرینگی . یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے سفارتی اور پارلیمانی تعلقات میں ایک سنگ میل ثابت ہو گا۔ ویلنٹینا ماٹویینکو کے دورے سے پاکستان اور روس کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں مدد ملے گی۔
دورے کے دوران اعلی سطح ملاقاتیں اور مصروفیات بھی پروگرام میں شامل ہیں۔ اپنے قیام کے دوران وہ چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کے علاوہ صدرمملکت آصف علی زرداری، وزیر اعظم شہباز شریف، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ملاقاتیں کر ینگی ۔ جبکہ پیر کو سینیٹ کے خصوصی اجلاس سے بھی خطاب کریں گی۔ یہ اعلی سطحی ملاقاتیں پارلیمانی سفارت کاری، ثقافتی روابط اور باہمی دلچسپی کے اہم شعبوں میں تعاون کو بڑھانے پر توجہ مرکوز کریں گی۔
شہر کو ان کے اعزاز میں سجایا جائے گا۔ یہ دورہ دونوں ممالک کے مضبوط تعلقات کو فروغ دینے کے عزم کو اجاگر کرتا ہے ۔ ماٹویینکو کے دورے کی اہمیت روسی فیڈریشن اور پاکستان کے درمیان سفارتی تعلقات کو مضبوط کرنے میں معاون ثابت ہوگی۔