اسلام آباد (ٹی این ایس) ایک سو نوے ملین پاؤنڈ کیس؛ عدالت کی بشریٰ بی بی کے وکیل کو جرح کا حق ختم کرنے کی وارننگ

 
0
19

اسلام آباد (آئی پی ایس) 190 ملین پاؤنڈ کیس میں عدالت نے بشریٰ بی بی کے وکیل کو جرح کا حق ختم کرنے کی وارننگ دے دی اور کہا ہے کہ اگلی سماعت پر جرح نہ کی تو جرح کا حق ختم کردیں گے۔

تفصیلات کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاونڈ ریفرنس کی سماعت اڈیالہ جیل میں جج ناصر جاوید رانا کے روبرو ہوئی۔ عمران خان کو کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا جب کہ بشریٰ بی بی عدالت پیشی کیلئے اڈیالہ جیل پہنچی۔ بشریٰ بی بی کے وکیل عثمان گل مصروفیات کے باعث پیش نہ ہوئے۔
عدالت میں عمران خان کی بہنیں علیمہ خان اور ڈاکٹر عظمیٰ موجود تھیں، چئیرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر، سلمان اکرم راجہ، بیرسٹر سیف، خالد یوسف چوہدری بھی عدالت میں موجود تھے۔

معاون وکیل فیصل چوہدری کی جانب سے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی گئی۔ نیب پراسیکیوشن ٹیم کی جانب سے سماعت ملتوی کرنے کی درخواست کی مخالفت کی گئی۔

نیب پراسیکیوٹر سردار مظفر عباسی نے کہا کہ 36 سماعتیں ہوچکی ہیں بشریٰ بی بی کے وکیل جرح مکمل نہیں کررہے، کیس کو غیر ضروری طول دیا جارہا ہے وکیل صفائی کا جرح کا حق ختم کیا جائے، دس بجے سماعت کا وقت ہے وکیل صفائی پیش کی نہیں ہوئے۔
عدالت نے وکلاء صفائی کو بدھ کے روز دس بجے تک جرح کرنے کا آخری موقع دیا اور وارننگ دی کہ آئندہ سماعت پر جرح نہ کی گئی تو جرح کا حق ختم کردیں گے۔

عدالت نے ریفرنس کی سماعت 6 نومبر صبح دس بجے تک ملتوی کردی۔