بلوچ کشمیریوں کی پشتیبانی کرکے مودی کی خوہشات خاک میں ملادیں گے۔ معتبر بلوچ سردار اور رکنِ اسمبلی میر عاصم کرد گیلو کی جہاد کونسل کے سیکریٹری جنرل کے ساتھ ملاقات میں اظہارِ یکجہتی

 
0
29363

اسلام آباد: 26 اگست (ٹی این ایس) بلوچستان کے معتبر قبائلی سردا ر، رکن صوبائیِ اسمبلی اور سابق وزیر میر عاصم کرد گیلو نے کہا ہے کہ بلوچ عوام کشمیریوں کی پشت پر کھڑ ے ہیں اور بھارت کے خلاف ان کی جدوجہدِ آ زادی میں سرگرمی کیساتھ حمایت کے لئے تیار ہیں۔
یہ بات انھوں نے جمعہ کے روز جہادِ کشمیر میں شامل تیرہ تنظیموں کے اتحاد متحدہ جہاد کونسل کے سیکریٹری جنرل شیخ جمیل الرحمٰن کے ساتھ ایک ملاقات کے دوران اظہا رِ یکجہتی کرتے ہوئے کہی۔شیخ جمیل نے انھیں مسلہ کشمیر کی تاریخ اور مقبوضہ کشمیر کے موجودہ سنگین صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا۔بھارتی فوج کے مظا لم کا سن کر اور اس سلسلہ میں بعض ویڈیوکلپس دیکھ کر سردار عاصم بہت رنجیدہ ہوئے ۔

اس موقع پر انھوں نے شیخ جمیل الرحمٰن کو کہا کہ وہ اُن کے ذریعہ کشمیری عوام کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ بلوچستان کے غیور عوام انکی آزادی کے متمنی ہیں اور اس مقصد کیلئے انکی پشتیبانی کا حق پوری طرح ادا کرنے کیلئے تیار ہیں۔ انھوں نے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی بلوچ عوام کا ذکر کرکے بلوچوں کو بدنام اور پاکستان کے دوسرے حصوں کے لوگوں ،خاص طور پر جدوجہدِ آزادی میں مصروف کشمیریوں کو ان سے بدظن کرنے کی کوشش کرتے ہیں تاہم ان سازشوں کو ناکام بنادیا جائے گااور بلاچ عوام اس مقصد کیلئے اپنا کردار ادا کرکے مودی اور دیگر پاکستان دشمنوں کی ان خواہشات کو خاک میں ملا دیں گے ۔

سردار عاصم گیلو نے امریکہ کی طرف سے حزب المجاہدین اور اسکے امیرِ اعلیٰ سید صلاح الدین کو دہشت گرد قرار دئے جانے کی بھی مذمت کی اور کہا کہ امریکہ دہشت گردی اور پراکسی وار کے دیرینہ کاروبار میں ناکامی کی وجہ سے بوکھلاہٹ کا شکار ہے اور اسکی سزا پاکستان اور کشمیریوں کو دینا چاہتا ہے۔انھوں نے کہا کی پاکستان اپنے قومی مفادات اور سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا اور اس مقصدکے لئے بلوشچ عوام اپنا کردار ادا کریں گے۔
بلوچ راہنما نے کشمیر کے شہیدوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کا خون رائیگاں نہیں جائے گا اور جس جذبہ و عزم کے ساتھ کشمیر کے پیر و جوان اور خواتین ومرد بھارتی استبداد کے خلاف مزاحمت کرتے ہیں وہ صد لائقِ تحسین ہے۔
شیخ جمیل الرحمٰن نے سردار عاصم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کو بلوچوں کی ملی غیرت و حمیت پر ناز ہے اور وہ انہیں پورا یقین ہے کہ وہ انکی پشتیبانی کرتے ہوئے مودی کے بھارت کو شرمندہ کریں گے۔ اس موقع پر پاکستان کے معروف ٹی وی اینکر ڈاکٹرعرفان اشرف اور کشمیری صحافی ارشد میر بھی موجود تھے۔