نیب افسران کی بین الاقوامی طریقوں سے کپیسٹی بلڈنگ کورس سے کارکردگی میں بہتری آئے گی

 
0
8315

اسلام آباد اگست25(ٹی این ایس) ۔ : قومی احتساب بیورو (نیب) کے قائم مقام چیئرمین امتیاز تاجور نے کہا ہے کہ نیب افسران کی بین الاقوامی طریقوں پر کپیسٹی بلڈنگ کورس سے نیب کے انویسٹی گیشن افسران اور پراسیکیوٹرز کی کارکردگی میں بہتری آئے گی، امریکہ کے بیورو آف انٹرنیشنل نارکوٹکس اینڈ لاء انفورسمنٹ نے نیب کو جدید وڈیو سپیکٹرل کمپیریرٹر 8000 فرانزک ڈاکومنٹ اینالائزر فراہم کیا ہے جس سے نیب کو سفری اور شناختی دستاویزات، بینک نوٹ، چیکوں اور سرکاری خطوط سمیت دستاویزات میں فراڈ کی شناخت کرنے میں مدد ملے گی۔

وہ مقامی ہوٹل میں امریکہ کے محکمہ انصاف/انٹرنیشنل کریمنل انویسٹیگیٹو ٹریننگ اسسٹنس پروگرام (آئی سی آئی ٹی اے پی) کے تحت نیب کے انویسٹی گیشن افسران اور پراسیکیوٹر کی اینٹی منی لانڈرنگ اور سرکاری کرپشن سے متعلق 21 اگست سے 25 اگست تک منعقد کئے گئے تربیتی کورس کے اختتام پر تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ نیب افسران کے بین الاقوامی طریقوں پر کیپسٹی بلڈنگ کورس سے نیب کے انویسٹی گیشن افسران اور پراسیکیوٹرز کی کارکردگی میں بہتری آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ کے بیورو آف انٹرنیشنل نارکوٹکس اینڈ لاء انفورسمنٹ نے نیب کو جدید وڈیو سپیکٹرل کمپیریرٹر 8000 فرانزک ڈاکومنٹ اینالائزر فراہم کیا ہے جس سے نیب کو سفری اور شناختی دستاویزات، بینک نوٹ، چیکوں اور سرکاری خطوط سمیت دستاویزات میں فراڈ کی شناخت کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ نیب ملک کا انسداد بدعنوانی کا اعلیٰ ادارہ ہے جس کو ملک سے بدعنوانی کے خاتمہ کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔

نیب اقوام متحدہ کے انسداد بدعنوانی کنونشن (یو این سی اے سی) کے تحت فوکل ایجنسی بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے ادارے نے کارگردگی کو بہتر بنانے، کام کو تقسیم کرنے اور مقررہ مدت میں اہداف کے حصول کیلئے عملی اقدامات کو یقینی بنایا اوراب کیسوں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے کم سے کم مدت 10 ماہ مقرر کی گئی ہے، نیب نے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (سی آئی ٹی) کا نظام بھی وضع کر لیا ہے جس کے تحت نگرانی کرنے والے سینئر افسران کے اجتماعی دانش اور تجربات سے استفادہ کیا جاتا ہے، اس سے نہ صرف ادارہ کی کاردگی بہتر بنانے میں مدد ملی ہے بلکہ کوئی بھی نیب کا افسر تحقیقات پر اثر انداز نہیں ہو سکتا۔

انہوں نے کہا کہ نیب بہترین تجربات کی بنیاد پر اپنے انویسٹی گیشن افسران اور پراسیکیوٹر کی عالمی معیار کے مطابق کیپسٹی بلڈنگ کو اولین ترجیح دیتا ہے، اسی طرح نیب ادارہ جاتی سطح پر تربیتی پروگرام جبکہ قومی سطح کے اداروں کے ساتھ کیپسٹی بلڈنگ میں تعاون کرتا ہے۔ تقریب کے دوران امریکہ کے محکمہ انصاف/انٹرنیشنل کریمنل انویسٹیگیٹو ٹریننگ اسسٹنس پروگرام کے ڈائریکٹر جنرل گریگوری کے شیفر نے کہا کہ بیورو آف انٹرنیشنل نارکوٹکس اینڈ لاء انفورسمنٹ افیئرز جرائم اور بدعنوانی، منشیات سے متعلق جرائم، پولیس کے اداروں کی بہتری، قانون اور عدالتی نظام کے فروغ کیلئے 90 ملکوں کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے جس کا مقصد شفافیت کا فروغ اور احتساب ہے۔

انہوں نے بدعنوانی کی روک تھام کیلئے نیب کی کوششوں کو سراہا۔ نیب کے انویسٹی گیشن افسران/پراسیکیوٹرز کی کیپسٹی بلڈنگ اور انہیں نیب فرانزک آلات ملنے سے نہ صرف نیب کو بلکہ دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بدعنوانی کی تحقیقات کرنے میں مدد ملے گی۔ قائم مقام چیئرمین نیب نے اس شراکت داری پر انٹرنیشنل نارکوٹکس اینڈ لاء انفورسمنٹ افیئرز کا پاکستان کو بدعنوانی سے پاک کرنے کیلئے نیب کے مشن کے حصول کیلئے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے امریکہ کے محکمہ انصاف/آئی سی آئی ٹی اے پی، اسلام آباد میں امریکی سفارتخانہ اور نیب کے ٹریننگ اینڈ ریسرچ ڈویژن کی عالمی معیار کے مطابق نیب افسران کی کیپسٹی بلڈنگ کیلئے اجتماعی کوششوں کو سراہا۔