رپورٹ: ریحان خان
اسلام آباد: متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے پاکستان میں سفیر حمد عبید ابراہیم سالم الزعابی نے منگل کے روز پاکستان اور امارات کے درمیان مضبوط اور دیرینہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ رشتہ باہمی احترام، مشترکہ اقدار اور علاقائی امن و ترقی کے لیے یکساں وژن پر مبنی ہے۔
یو اے ای کے 53ویں قومی دن یوم الاتحاد کے موقع پر منعقدہ استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے سفیر الزعابی نے پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا، “یو اے ای پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کے بے پناہ امکانات دیکھتا ہے، جن میں قابل تجدید توانائی، مصنوعی ذہانت، پائیداری، اقتصادی تنوع اور زرعی اختراعات شامل ہیں۔”
سفیر نے دونوں ممالک کے نوجوانوں کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا، جو نہ صرف دونوں قوموں کی ترقی میں مددگار ثابت ہوں گے بلکہ پورے خطے کو فائدہ پہنچائیں گے۔
ان کا کہنا تھا، “ہم اس تاریخی موقع پر ان اقدار کی تجدید کرتے ہیں جنہوں نے ہمارے ممالک کو چیلنجز اور کامیابیوں کے درمیان رہنمائی فراہم کی۔”
سفیر الزعابی نے پاکستان کی حکومت کی مہمان نوازی اور حمایت پر دلی شکریہ ادا کرتے ہوئے امارات اور پاکستان کے تعلقات کے روشن مستقبل پر اعتماد کا اظہار کیا۔ ان کے بقول، “مجھے یقین ہے کہ ہماری دوستی مزید مضبوط ہوگی اور آنے والی نسلوں تک برقرار رہے گی۔”