جے آئی ٹی کے سربراہ واجد ضیاءنے نیب روالپنڈی میں بیان ریکارڈ کروادیا

 
0
411

اسلام آباد:اگست29(ٹی این ایس) پاناما کیس فیصلے پر عملدرآمد کے لیے نیب کی تحقیقات جاری ہیں،جے آئی ٹی کے سربراہ واجد ضیا کا نیب راولپنڈی میں بیان ریکارڈ کر لیا گیا ہے۔واجد ضیا بدھ کے روز لاہور نیب کے سامنے پیش ہوں گے۔سپریم کورٹ آف پاکستان کے حکم پر قومی احتساب بیورو (نیب) کو 60 روز کے اندر شریف فیملی کے خلاف ریفرنس دائر کرنا ہے۔نیب کی جانب سے بیانات قلمبند کرنے کا سلسلہ جاری ہے اور آج جے آئی ٹی کے سربراہ واجد ضیاءگواہ کی حیثیت سے نیب راولپنڈی کے سامنے پیش ہوئے۔

انہوں نے نیب سیکشن 161کے تحت اپنا بیان قلمبند کرایا اور نیب راولپنڈی میں کمبائنڈ انویسٹی گیشن نے واجد ضیاءکا بیان ریکارڈ کیا۔نیب نے واجد ضیاءکو سوالنامہ بھی بھیجا تھا جس کا جواب بھی انہوں نے جمع کرا دیا۔ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی سربراہ نے نواز شریف اور اہلخانہ سے تفتیش کی تائید کردی۔ذرائع کے مطابق شریف خاندان کے خلاف ریفرنسز میں دیگر جے آئی ٹی ممبران کے بیانات کی ضرورت نہیں تاہم جے آئی ٹی کے سربراہ واجد ضیاءکل نیب لاہور میں بھی پیش ہو کر بیان ریکارڈ کرائیں گے۔

اس سے قبل نیب نے سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کے صاحبزادے حسن اور حسین نواز کے علاوہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو طلبی کے نوٹسز بھیجے لیکن وہ بیان قلمبند کرانے کے لئے پیش نہ ہوئے۔خیال رہے کہ سپریم کورٹ کے پانچ رکنی بینچ نے 28 جولائی کو اپنے متفقہ فیصلے میں قومی احتساب بیورو کو 6 ہفتوں میں سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کے بچوں کے خلاف 4 ریفرنس دائر کرنے کا حکم دیا تھا۔نیب کے ایگزیکٹو بورڈ نے 31 جولائی کو ایک اجلاس کے دوران شریف خاندان کے لندن اپارٹمنٹس اور سعودی عرب میں قائم اسٹیل مل، سابق وزیراعظم کے بچوں کے نام قائم کمپنیوں اور وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی تنخواہ سے زائد اثاثوں کے حوالے سے ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی تھی۔