اسلام آباد (ٹی این ایس) وفاقی وزیر برائے پلاننگ، ڈویلپمنٹ جناب پروفیسر احسن اقبال نے چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر محمد راغب حسین نعیمی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ اس ملاقات میں نومنتخب رکن کونسل سابق وزیر مذہبی امور پنجاب جناب صاحبزادہ سید سعید الحسن بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران دلچسپی کے باہمی امور پر گفتگو ہوئی۔جناب احسن اقبال نے اسلامی نظریاتی کونسل کی اہمیت اور ضرورت کو سراہتے ہوئے کہا کہ کونسل سے ان کا بہت دیرینہ تعلق ہے ان کی والدہ محترمہ ’’آپا نثار فاطمہ‘‘ کونسل کی دو مرتبہ رکن رہ چکی ہیں۔ معزز وزیر نے کہا کہ وہ کونسل کو ترقی کی راہ میں بہت آگے دیکھنا چاہتے ہیں۔ جناب چیئرمین کونسل ڈاکٹر محمد راغب حسین نعیمی نے حال ہی میں آکسفورڈ یونین میں ہونے والے تاریخی مکالمے ’’لبرل جمہوریت کی گلوبل ساؤتھ میں ناکامی‘‘ میں پروفیسر احسن اقبال کو شرکت اور شاندار فتح حاصل کرنے پر مبارک باد پیش کی۔ چیئرمین کونسل نے آئندہ منعقدہ کونسل کی گولڈن جوبلی تقریب میں شرکت کے لیے وفاقی وزیر جناب احسن اقبال کو خصوصی دعوت دی۔ اس موقع پر جناب چیئرمین نے وفاقی وزیر پروفیسر احسن اقبال کو کونسل کی یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔
(رانا زاہد)
میڈیا کوآرڈینیٹر

