پانامہ (ٹی این ایس) امریکا سے ڈی پورٹ پاکستانیوں سمیت دیگر تارکین وطن پاناما میں ڈیرین جنگل کے علاقے منتقل

 
0
196

پانامہ (ٹی این ایس) امریکا سے ڈی پورٹ کیے گئے پاکستانیوں سمیت تقریبا 100 تارکین وطن کے ایک گروپ کو وسطی امریکی ملک پاناما کے ہوٹل سے ڈیرین جنگل کے علاقے میں منتقل کر دیا گیا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ایک بیان میں پاناما کی وزارت سیکیورٹی نے کہا کہ حالیہ دنوں میں امریکا سے بے دخل کیے گئے 299 تارکین وطن میں سے 13 کو ان کے آبائی ممالک واپس بھیج دیا گیا، جبکہ دیگر 175 دارالحکومت پاناما سٹی کے ہوٹل میں مقیم ہیں، جو وطن واپسی پر رضامندی کے بعد آگے سفر کے منتظر ہیں۔

حکومت پاناما کے مطابق تارکین وطن مقامی حکام کی حفاظت اور اقوام متحدہ کے بین الاقوامی ادارہ برائے مہاجرت اور اقوام متحدہ کی پناہ گزین ایجنسی کے ذریعے امریکی مالی مدد سے ہوٹل میں قیام پذیر ہیں۔پاناما کے صدر ہوزے راول ملینو نے بتایا کہ تارکین وطن میں پاکستان، افغانستان، چین، بھارت، ایران، نیپال، سری لنکا، ترکیہ، ازبکستان اور ویتنام کے شہری شامل ہیں۔وسطی امریکی ملک پانامہ میں ملک بدری ٹرمپ انتظامیہ کی اس کوشش کا حصہ ہے کہ غیر قانونی طور پر امریکا میں مقیم تارکین وطن کو واپس ان کے ملک ڈی پورٹ کیا جائے۔