ملک بھر میں52واں یوم دفاع ملی جوش وجذبے سے منایا جارہا ہے- شہریوں نے مادر وطن کے لیے جان قربان کرنے والے شہدا کی یادگاروں پر پھول چڑھائے

 
0
859

اسلام آباد:ستمبر 6(ٹی این ایس) ارض پاک کے تقدس کی حفاظت کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کرنے کے عزم کے ساتھ قوم 52واں یوم دفاع بھر پور جوش و خروش اور ملی جذبے کے ساتھ منا رہی ہے۔6 ستمبر یوم دفاعِ پاکستان کے موقع پر مادر وطن کے لیے جان قربان کرنے والے شہدا کی یادگاروں پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی جارہی ہے۔یوم دفاع کی مرکزی تقریب جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں ہوگی جس میں شہداءکو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔

دن کے آغاز پر نماز فجر کے بعد مساجد میں ملکی سلامتی، ترقی اورخوشحالی کے لیے خصوصی دعاﺅں سے ہواجبکہ وفاقی دارالحکومت میں 31،صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ملک بھر میں مسلح افواج کی فارمیشبوں میں قرآن خوانی ہوئی اور شہداءکے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں-پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں مزار اقبال پرگارڈز کی تبدیلی کی تقریب منعقد ہوئی اور رینجرز کے جوانوں نے مزار اقبال پر اعزازی گارڈز کی ذمہ داریاں سنبھالیں۔

اس موقع پر میجرجنرل عامر نے مزار اقبال پرپھولوں کی چادرچڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔سابق آرمی چیف جنرل (ر) راحیل شریف بھی اپنے بھائی میجرشبیر شریف شہید کی قبر پر حاضری کے لیے میانی صاحب لاہور پہنچے اور پھولوں کاگلدستہ رکھ کر فاتحہ خوانی کی۔علاوہ ازیں میجر شبیر کے صاحبزادے تیمور شریف کی شرکت کے پیش نظر سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔ صدر مملکت ممنون حسین اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے بھی یوم دفاع کے موقع پر اپنے پیغامات جاری کیے جس میں مادر وطن کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

صدر ممنون حسین نے کہا کہ حکومت نے انسداد دہشت گردی کا قومی لائحہ عمل شروع کیا جس کے تحت مسلح افواج، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے کامیابی کے ساتھ ملک سے دہشت گردی اور انتہا پسندی کا خاتمہ کررہے ہیں۔دوسری جانب وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ بابائے قوم کے اتحاد، یقین اور نظم و ضبط کے سنہری اصولوں پر عمل درآمد کے ذریعے ہی دشمنوں کو شکست دی جاسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تیز تر ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہے اور عالمی اقتصادی برادری میں ہمیں ایک ابھرتی ہوئی معیشت کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابیاں حاصل کررہی ہے اور اس نے اپنی پیشہ وارانہ مہارت کو ثابت کیا ہے جبکہ آپریشن ضرب عضب، ردالفساد اور خیبرفور کے ذریعے دہشت گردوں کی کمر توڑ دی گئی ہے۔ یوم دفاع کے موقع پرملک کے مختلف حصوں میں شہدا کی یاد گاروں پر پھول چڑھائے جارہے ہیں اور فاتحہ خوانی کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ یوم دفاع کے موقع پر پاک فضائیہ کی جانب سے نور خان ائیر بیس پر پاک فضائیہ کے ائیر کرافٹ کی نمائش ہو گی جبکہ تمام کنٹونمنٹس کے ساتھ مختلف شہروں میں پروقار تقاریب کا اہتمام کیاجائے گا۔شہریوں کی بڑی تعداد 6 ستمبر 1965کی جنگ میں جام شہادت نوش کرنے والے شہداکی یاد گاروں پرحاضری دے رہی ہے اور قرآن خوانی ‘دعائیہ تقریبات اور پھولوں کی چادریں چڑھائی جارہی ہیں-یوم دفاع کی تقریبات کے پیش نظر ملک بھر میں سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات ہیں۔