پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ کے منصوبےکے پہلے مرحلے کا افتتاح 25دسمبر کو، غریب اورمستحق مریضوں کا سوفیصد مفت علاج ہوگا۔ شہباز شریف کا اعلان

 
0
918

لاہور ،ستمبر 06 (ٹی این ایس)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ کے منصوبےکے پہلے مرحلے کا 25دسمبر 2017ء کو افتتاح کیا جائے گا جس میں غریب اورمستحق مریضوں کا سوفیصد مفت علاج ہوگا۔

 اس کا اعلان انھوں نے گزشتہ روز لندن سے سول سیکرٹریٹ لاہور میں منعقدہ کانفرنس  سے ویڈیو  لنک کے ذریعہ کیا۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی پنجاب نے منصوبے پر ہونیوالی پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت اربوں روپے کے وسائل سے جگر اورگردے کے مریضوں کیلئے جدید ہسپتال بنا رہی ہے اوراس ہسپتال میں علاج معالجے کی عالمی معیار کی سہولتیں مہیا کی جائیں گی جبکہ پنجاب حکومت کے دیگر منصوبوں کی طرح یہ پراجیکٹ بھی شفافیت اوراعلی معیار کا شاہکار ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اس عظیم الشان منصوبے اور منصوبے کی تکمیل سے گردے اورجگر کے امراض میں مبتلا افرادکو جدیدطبی سہولتیں پاکستان میں میسر آئیں گی۔عام آدمی کو علاج معالجے کی عالمی معیار کی سہولتیں دے کراسے اس کا حق دیں گے۔انہوں نے کہا کہ اس ادارے میں غریب اورمستحق مریضوں کا سوفیصد مفت علاج ہوگاجبکہ اس ادارے کاہسپتال مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کے تحت پورا نظام ڈیجیٹل اورکمپیوٹرائزڈ ہوگاجس سے مریضوں کو بے پناہ فائدہ ہوگا،اسی طرح ڈاکٹروں، نرسوں اوردیگر عملے کیلئے رہائشی سہولتیں بھی فراہم کی جائیں گی اور یہ ادارہ نہ صرف پاکستان بلکہ جنوبی ایشیاء میں سٹیٹ آف دی آر ٹ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت اس منصوبے کیلئے وسائل کی کوئی کمی نہیں آنے دے گی اورہر طرح کے وسائل منصوبے کی بروقت تکمیل کیلئے فراہم کیے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منصوبے کیلئے فنڈز کا بروقت اجراء یقینی بنایا جائے اوراس ضمن میں کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ ادارے کی صفائی اوردیگر جینی ٹوریل خدمات کو مکمل طورپر آؤٹ سورس کرنے کا کام جلد مکمل کیا جائے اوراس سلسلے میں بین الاقوامی کمپنیوں کا میرٹ پرانتخاب کیا جائے جبکہ تعمیراتی کام اوردیگر امورکو بروقت مکمل کیا جائے تاکہ یہ ادارہ دکھی انسانیت کے دکھوں کے مداوامیں ہمارا دست و بازوبنے۔

صوبائی وزراء خواجہ سلمان رفیق،مختار بھرت،مشیر ڈاکٹر عمر سیف،چیف سیکرٹری،ایڈیشنل چیف سیکرٹری،پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ کے بورڈ آف گورنرز کے صدر ڈاکٹرسعید اختر اورمتعلقہ حکام بھی شریک تھے۔